پاکستان

آج کا بل قانون کی خلاف ورزی ہو گی ، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین کہتا ہے اسمبلی کے رولز کو فالو کیا جائے، بل لانے کیلئے ایوان سے منظوری ضروری ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 14 2024، 4:27 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
آج کا بل قانون کی خلاف ورزی ہو گی ، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ آج اگر کوئی بل پیش کیا جاتا ہے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ آج آئین و قانون کے مطابق کوئی بل پیش کیا جاسکتا ہے، بل پیش کرنے کیلئے آئین و قانون میں طریقہ کار وضع ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین کہتا ہے اسمبلی کے رولز کو فالو کیا جائے، بل لانے کیلئے ایوان سے منظوری ضروری ہے، حکومت کا مجوزہ ترمیمی بل ہمارے پاس ایجنڈے کی شکل میں نہیں آیا، حکومت کی جانب سے بل پیش کرنے سے پہلے کابینہ سے منظوری لازمی ہے، کل کابینہ کے اجلاس میں کسی بل کی منظوری نہیں دی گئی، اگر آج کوئی بل پیش کیا جاتا ہے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم ترین اجلاس آج ہورہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے، قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں آئینی پیکیج اور چیف جسٹس کو توسیع دینے کے حوالے سے آئینی ترامیم پیش کیے جانے کی افواہیں گرم ہیں جبکہ حکومت نے ترامیم کی منظوری کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔