دنیا

ایران میں مسافر بس کو حادثہ: 10 افراد جاں بحق

حادثے میں 41 افراد زخمی بھی ہوئے ، زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 months ago پر Sep 17th 2024, 3:49 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ایران میں مسافر بس کو حادثہ: 10 افراد جاں بحق

بوشہر:ایران کے جنوبی مغربی صوبے بوشہر میں ایک مسافر بس کے الٹ جانے سے کم از کم 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ بوشہر اور شمال مشرق میں واقع شہر مشہد کے درمیان سفر کے دوران پیش آیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثے میں 41 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم بس میں سوار مسافروں کی کل تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں طبی امداد دی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایران میں سڑک کے حادثات کا تناسب بہت زیادہ ہے اور ہر سال ہزاروں افراد سڑک کے حادثات میں اپنی جان گنواتے ہیں۔ عدلیہ کی لیگل میڈیسن آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں سالانہ سڑک کے حادثات میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی ایک بس حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 28 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ چند روز قبل ہی ایران میں پاکستانی زائرین کو لے جانے والی ایک اور بس کا ٹرک سے تصادم ہوا تھا جس میں 3 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے تھے۔