پاکستان

وزیر اعظم کی سعودی عرب کو 94 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں تعاون پر پوری قوم سعودی عرب کی شکر گزار ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 months ago پر Sep 23rd 2024, 5:54 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیر اعظم کی سعودی عرب کو 94 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد

وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو اُن کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔

آج (پیر) ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب اکیسویں صدی کا ایک عظیم ملک بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 پوری دنیا کیلئے ایک ماڈل ہے۔

آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دوسرے شعبوں میں ترقی پذیر ملکوں کی قیادت کر رہا ہے۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں تعاون پر پوری قوم سعودی عرب کی شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔