دنیا

اسرائیل نے مزید جوابی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران

ایران نے اسرائیل کے خلاف اپنے دفاع کا استعمال کیا، ایرانی وزیر خارجہ

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر اکتوبر 2 2024، 9:07 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
اسرائیل نے مزید جوابی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراغچی نے کہا کہ اسرائیل پر ایران کا حملہ مکمل ہوگیا ہے، اسرائیل نے مزید جوابی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ٹویٹ میں اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں پر اپنے بیان میں عباس عراغچی کا کہنا تھا کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف اپنے دفاع کا استعمال کیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کو استعمال کرتے ہوئے غزہ اور لبنان میں نسل کشی کے الزام میں صرف فوجی اور سکیورٹی سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا جوابی حملہ کرنے سے قبل دوماہ تک انتظار کیا کہ شاید غزہ میں جنگ بندی ہو جائے۔ ایران کی کارروائی ختم ہو چکی ہے تاہم اگر اسرائیل مزید جوابی کارروائی کرتا ہے تو اس کا جواب بھرپور اور اس سے بھی زیادہ طاقت سے دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کردیا اور کئی بیلسٹک میزائل داغ دیے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ان حملوں کی تفصیلات بعد میں بتائیں جائیں گی۔