پاکستان

علی امین گنڈا پور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں ،وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پورنہ ہماری اورنہ کسی اورادارے کی حراست میں ہیں، چھاپے سے پہلے علی امین گنڈا پوربھاگ گئے تھے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 months ago پر Oct 6th 2024, 6:48 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
علی امین گنڈا پور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں ،وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔

اسلام آباد میں شہید پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ رات کوافسوسناک اطلاع آئی کہ عبدالحمید شہید ہوگئے ہیں، اسلام آباد پولیس اوراہلخانہ سے اظہارتعزیت کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہیدالحمید کےلیےشہید پیکج ایک دو روز میں دیا جائے گا، شہید اہلکارکے واقعے میں جوبھی ملوث ہےکوئی نہیں بچے گا، شہید کے 2 بیٹے ہیں، ایک سی ڈی اے میں ملازم ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پورنہ ہماری اورنہ کسی اورادارے کی حراست میں ہیں، چھاپے سے پہلے علی امین گنڈا پوربھاگ گئے تھے۔ علی امین اسلام آباد کی حدود میں ہوئے تو پولیس انھیں ضرور گرفتار کر لے گی۔

اس موقع پر گورنرخیبرپختون خوا فیصل کریم کنڈی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ کل ایک جتھا آیا تھا جس کادعویٰ تھا کہ وہ پُرامن ہے، اگران کے بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں تو وہ کون سے اسپتال میں ہیں؟

گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے، جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آرہے تھے تو پی ٹی آئی نے ان کا دورہ سبوتاژ کیا، پی ٹی آئی سی ایس او کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ علی امین نے کل سے خودساختہ روپوشی اختیار کی ہوئی ہے، علی امین وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں۔