پاکستان
آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس، علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز
عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اشتہاری قرار دینے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کی کارروائی کا آغاز کر دیا
انسداد دہشت گردی عدالت نے آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں علی امین گنڈا پور کے خلاف اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اشتہاری قرار دینے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی، پی ٹی آئی وکلاء سردار مصروف و دیگر عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی جبکہ فیصل جاوید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔
بعدازاں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔
پاکستان
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی آمد سے قبل بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا تھا جس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور سربراہ ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل تھے جبکہ بیلاروس کی 43 نمایاں کاروباری شخصیات بھی وفد کا حصہ ہیں۔
بیلاروس کے وفد کا دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب تحریک انصاف نے احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے جس کے نتیجے میں حکام نے سرکاری عمارتوں اور سفارتی انکلیو پر مشتمل اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کررکھا ہے۔
اتوار کو بیلا روس کے وفد کے استقبال کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی کوشش کرنے والے تمام مظاہرین کو گرفتار کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک انصاف کو عوام کو درپیش مشکلات کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں اور انکی املاک کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے۔
تجارت
عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 43 ڈالر کی کمی ہوئی ہے جس سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی نئی قیمت 2672 ڈالر فی اونس ہو گئی
گزشتہ ہفتے مسلسل اضافے کے بعدکاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کمی ہو گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں 24 گرام سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ78 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔
جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار657 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں 10 گرام سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 683 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 43 ڈالر کی کمی ہوئی ہے جس سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی نئی قیمت 2672 ڈالر فی اونس ہو گئی ۔
پاکستان
بلوچستان الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ، کوئٹہ سے ن لیگی رہنما کے خلاف عذرداری خارج
الیکشن ٹربیونل نے این اے 263 کوئٹہ ٹو کی نشست پر کامیاب ہونے والےن لیگ کے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی انتخابات میں جیت کو برقرار رکھا
بلوچستان الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 کوئٹہ ٹو کی نشست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ کوئٹہ سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کے خلاف عذرداری خارج کردی گئی۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نمبر دو کے کے جج جسٹس محمد عامر نواز رانا نے فیصلہ سنایا۔ الیکشن ٹربیونل نے این اے 263 کوئٹہ ٹو کی نشست پر کامایب ہونے والے نون لیگ کے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی انتخابات میں جیت کو برقرار رکھا اور ناقص شواھد کی بنا پر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کے خلاف دائر انتخابی عذرداری خارج کردی۔
جمال شاہ کاکڑ کے خلاف انتخابات میں دھاندلی کی عذرداری تحریک انصاف کے سالار کاکڑ نے دائر کرائی کی تھی الیکشن ٹریبونل میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسلم شہزاد اور نصیر احمد پیش ہوئے
-
پاکستان 2 دن پہلے
بشریٰ بی بی کا 24 نومبر کے احتجاج میں شریک نہ ہونے کا اعلان
-
پاکستان 2 دن پہلے
سعودی عرب مخالف بیان ،بشریٰ بی بی کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمات درج
-
دنیا ایک دن پہلے
امریکا کی نیتن یاہو کی گرفتاری پر برطانیہ کو معیشت تباہی کی دھمکی
-
دنیا 11 گھنٹے پہلے
لتھوانیا میں طیارہ رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک
-
علاقائی 2 دن پہلے
صوبائی حکومتوں کی جانب سے پنجاب اور بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ
-
پاکستان 2 دن پہلے
کرم : قبائلی کشید گی میں اضافہ ، حکومتی ہیلی کاپٹر پر بھی فائر نگ
-
تجارت 9 گھنٹے پہلے
عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
-
ٹیکنالوجی 10 گھنٹے پہلے
ٹیسلہ کے سی ای او آئرن مین بن گئے