دنیا
بیروت: اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے ترجمان شہید
محمد عفیف سابق حزب اللہ سربراہ حسن نصراللّٰہ کے میڈیا اُمور کے مشیر بھی رہ چکے تھے
اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی بمباری کرتے ہوئے حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف کو شہید کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز بیروت کے ایک رہائشی علاقے پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید ہوگئے۔
حمد عفیف کو 1980ء کی دہائی کے اوائل میں حزب اللہ کے قیام کے بعد سے اس کی صفوں میں ایک نمایاں شخصیت سمجھا جاتا ہے، ماضی میں وہ عرب ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے اور انہیں لبنان میں صحافیوں کے حلقے میں ایک معتبر اور جانی پہچانی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔
محمدعفیف لبنانی انتخابات میں حزب اللہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی سطح پر بھی سرگرم تھے اور ان کی قیادت میں حزب اللہ نے لبنانی پارلیمنٹ میں نشستیں حاصل کیں۔ محمد عفیف اکثر بیروت کے جنوبی علاقوں میں صحافیوں کو دورے کروانے اور حزب اللہ کی عالمی میڈیا تک رسائی میں اہم کردار ادا کرتے رہے تھے، حسن نصراللہ کے انٹرویوز یا حزب اللہ کی دیگر اہم خبریں عموماً انہی کی وساطت سے پہنچتی تھیں۔
اس حوالے سے لبنان کی وزارت صحت کا بتانا ہےکہ اسرائیلی فضائیہ نے راس البنا کے علاقے میں فضائی حملہ کیا جس میں مجموعی طور پر 4 افراد شہید ہوئے، جبکہ اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہےکہ اس نے انٹیلی بیس اطلاعات پر اس علاقے میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے ترجمان کو مارا گیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملے کے نےتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف سابق سربراہ حسن نصراللہ کے بھی مشیر رہ چکے تھے جب کہ وہ 2014 سے حزب اللہ کے ترجمان کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
پاکستان
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیٹے حسن نواز دیوالیہ قرار
لندن کی عدالت نےحسن نواز کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکس کیس میں دیوالیہ قرار دیا
لندن کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کو دیوالیہ قرار دے دیا۔ حسن نواز کے خلاف فیصلہ رائل کورٹ آف جسٹس نے سنایا، جس کے مطابق حسن نواز کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکس کیس میں دیوالیہ قرار دیا گیا۔
عدالتی کاغذات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز شریف کو لندن ہائی کورٹ نے دیوالیہ قرار دیا۔ حسن نواز کو برطانوی حکومت اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ٹیکس کیس میں دیوالیہ قرار دیا گیا ہے۔
عوامی ریکارڈ رکھنے والے سرکاری یو کے گزٹ نے دیوالیہ ہونے کی تفصیلات شائع کی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ حسن نواز فلیٹ 17 ایون فیلڈ ہاؤس، 118 پارک لین کے رہائشی اور کمپنی کے ڈائریکٹر کو کیس نمبر 694 آف 2023 میں ہائی کورٹ میں دیوالیہ قرار دیا گیا ہے، جو کہ 25 اگست 2023 کو دائر کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دیوالیہ پن کا حکم 29 اپریل 2024 کو قرض دہندگان کی طرف سے عدم ادائیگی پر دائر کئے گئے کیس میں جاری کیا گیا تھا۔ دیوانی مقدمہ حسن نواز کے خلاف محکمہ ریونیو اینڈ کسٹمز (HMRC) نے شروع کیا تھا، جس کی نمائندگی کور میکسویل نے کی تھی۔
برطانیہ کے قوانین کے مطابق، دیوالیہ پن کا حکم ذاتی دیوالیہ پن کے عمل کا حصہ ہے۔ یہ عدالت سے کسی فرد کو جاری کیا جاتا ہے، جس سے وہ دیوالیہ ہو جاتا ہے۔ دیوالیہ پن کے احکامات صرف لندن گزٹ میں شائع کیے جاتے ہیں، جو کہ اسے دیوالیہ کاری سروس سے موصول ہوتے ہیں۔
دیوالیہ ہونے والا شخص ڈائریکٹر کے طور پر کام نہیں کر سکتا یا کمپنی کے انتظام میں کسی بھی طرح سے شامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ دیوالیہ پن سے فارغ نہ ہو جائے اور جب تک کہ اس نے ڈائریکٹر کے طور پر کام جاری رکھنے کی عدالت سے اجازت حاصل نہ کر لی ہو۔
حسن نواز اب بھی برطانیہ میں متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں۔
موسم
سموگ کے تدارک کےلئے لاہور سمیت پنجاب میں مزید پابندیاں عائد
لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز 24 نومبر تک بند رہیں گے
لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں عائد کر دی گئیں، ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز 24 نومبر تک بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ لاہور اور ملتان میں تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قومی سطح کے تعمیراتی کاموں کو اجازت ہو گی، ہیوی ٹریفک کی لاہور اور ملتان میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، اینٹوں کے بھٹے، فرننس انڈسٹری کے کام پر لاہور اور ملتان میں بندش ہوگی۔
لاہور اورملتان میں رسٹورنٹس صرف 4 بجے تک کام کریں گے، لاہور اور ملتان کے ریسٹورنٹس کو 4 سے 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہو گی، 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس مکمل بند رہیں گے۔
سموگ کے پیش نظر لاہور اور ملتان میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، لاہور اور ملتان میں تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز رات 8 بجے تک کام کریں گی، ریسکیو 1122 سموگ متاثرہ مریضوں کی معاونت کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فیصلوں کا اطلاق 24 نومبر تک ہوگا جبکہ فارمیسز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، ڈیری شاپس، آٹا چکی اور تندوروں کو تمام پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
تجارت
سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
فی تولہ سونے کی قیمت 2500 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے کی سطح پر آگئی
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج پھر بڑا اضافہ ہوگیا۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2500 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2144روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 31 ہزار 396 روپے کی سطح پر آگئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25ڈالر کے اضافے سے 2587ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس ملک میں فی تولہ چاندی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3250روپے اور فی 10گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2786روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی تھی۔
-
پاکستان 2 دن پہلے
اے این پی رہنماالیاس احمد بلور انتقال کر گئے
-
ٹیکنالوجی 23 گھنٹے پہلے
خوشخبری، یوٹیوب سے پیسے کمانے کا نیا ذریعہ متعارف
-
علاقائی 2 دن پہلے
اسموگ : پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں کا اعلان کر دیا
-
دنیا ایک دن پہلے
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر 2 فلیش بم سے حملہ
-
تجارت 2 دن پہلے
اوگرا نے نومبر کیلئے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
-
دنیا 2 دن پہلے
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا اعلان کر دیا
-
دنیا ایک دن پہلے
الیکشن میں دھاندلی کا الزام، اپوزیشن رہنما نے الیکشن کمیشن کے سربراہ پر سیاہی پھینک دی
-
پاکستان 2 دن پہلے
شہباز شریف کو گڑیا کا دلچسپ تحفہ