پاکستان
فیصل واوڈا کا بانی پی ٹی آئی کی زندگی سے متعلق بڑا دعویٰ
سینیٹر نے بشریٰ بی بی کو عمران خان کی زندگی کیلئے خطرہ قرار دے دیا
سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی کی زندگی کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے بشریٰ بی بی اور عمران خان سے متعلق کی گئی گفتگو میں کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کی زندگی کیلئے بہت فکرمند ہوں، ان کی زندگی کو خطرہ ہے، اگر بانی چیئرمین کو بچانا ہے تو بشریٰ بی بی سے جان چھڑانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک بشریٰ بی بی ساتھ ہیں، بانی کی کی نہ سیاست ہوگی اور نہ آزادی، بشریٰ بی بی کبھی بانی چیئرمین کو دہی کھلادیتی ہیں کبھی کچھ اور چیز ،یہ لوگ بانی پی ٹی آئی کی لاش پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا تھاکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، جلد ہی پی ٹی آئی سے مخلص لوگوں کی 'پی ٹی آئی پاکستان' بن جائےگی۔
پاکستان
وزیراعظم کا فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئےغیرمتزلزل حمایت کا اعادہ
عالمی برادری اسرائیل کے مظالم کو فوری روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے، شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئےغیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ 7اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے ضمن میں یہ سال فلسطین کی تاریخ کا انتہائی تاریک سال رہا ہے، تاریخ کے گھناؤنے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اسرائیل اب تک 43 ہزار معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کر چکا ہے۔ فلسطینی عوام اسرائیل کی جانب سے حملوں، منظم نسل کشی اور تشدد کی مہم کو بہادری سے برداشت کر رہے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے غزہ میں عالمی برادری کی جانب سے انسانی امداد کی کوششیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے محصور آبادی کے مصائب میں شدت آئی ہے۔پاکستان عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں، ہسپتالوں، سکولوں اور انفراسٹرکچر پر حملوں کو روکا جائے، فلسطینیوں کے لئے بھیجے جانے والے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، ان سنگین جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی بے رحم خلاف ورزیوں کے لئے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے حوالے سے جو استثنیٰ دیا جا رہا ہے اسی بنیاد پر اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں مزید تباہی پھیلائی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد کو یقینی بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہوں، ہم امن، وقار اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے آپ کی جد و جہد میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
پاکستان
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا اے ٹی سی کا فیصلہ معطل کر دیا
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ روز مطیع اللہ جان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کیا تھا
اسلام آباد ہائیکورٹ نےصحافی مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے صحافی مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
اس موقع پر صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مطیع اللہ جان کی جانب سے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد نے عدالت میں ایف آئی آر پڑھ کر سنائی اور کہا کہ ایف آئی آر میں آئس کی خرید و فروخت کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کو اب جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے،بعدازاں عدالت نے مطیع اللہ جان کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ روز مطیع اللہ جان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب مطیع اللہ جان کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ آج ہی مطیع اللہ جان کی درخواست ضمانت دائر کی جائے گی، اس حوالے سے دائر درخواست میں ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے موقف اختیار کیا تھا کہ صحافی مطیع اللہ جان کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پاکستان
رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر پابندی اور کے پی میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کردی
ایسے وقت میں گورنر راج لگانا یا گرفتاریاں کرنا پی ٹی آئی کو فائدہ دیں گی
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر پابندی اور کے پی میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کردی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی بھی نہیں لگانی چاہیے یہ وقت درست نہیں ہے، انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج، پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی بھی مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں گورنر راج لگانا یا گرفتاریاں کرنا پی ٹی آئی کو فائدہ دیں گی، یہ باتیں ضرور ہوئی ہیں وزیراعظم اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ دو ڈھائی ہزار لوگ گرفتار ہوئے لیکن کوئی ایم این اے یا ایم پی اے گرفتارنہ ہوا جب لیڈر ہی بھاگ گئے تو ورکرز نے وہاں کیوں کھڑے رہنا تھا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو پتا تھا کہ میں آگے جاؤں گا تو گرفتاری ہوجائے گی، وہ تو آنا ہی نہیں چاہتے تھے، ان کی انڈراسٹیڈنگ ایسی تھی کہ واپس جانا بہتر سمجھا۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنا بہت بڑا سیاسی نقصان کردیا ہے، آنسو گیس کی شیلنگ سے ہی علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی واپس چلے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے پی سے 15 سے 20 ہزار لوگوں کو ایم این ایز، ایم پی ایز لے کر آئے تھے، یہ سب لوگ اسلام آباد میں کھڑے رہتے تو پھر شاید نقصان بہت زیادہ ہوتا، جب علی امین اور بشریٰ بی بی ہی نکل گئے تو ورکرز بھی بکھر گئے اور بھاگے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی جس طرح بیانیہ بنارہی اس طرح نہیں ہوسکتا، ان کا تھوڑا بہت نقصان ہوا ہوگا یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، جیسے رینجرز پولیس اہلکاروں کی شہادت ہوئی ایسے پی ٹی آئی کا بھی نقصان ہوا ہوگا۔
-
علاقائی ایک دن پہلے
سینئر صحافی مطیع اللہ جان دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار
-
کھیل ایک دن پہلے
پی سی بی کا چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد پر آئی سی سی پر دوٹوک جواب
-
پاکستان 23 گھنٹے پہلے
صاحبزادہ حامد رضانے پی ٹی آئی کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا
-
تجارت ایک دن پہلے
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنا اضافہ متوقع ہے؟
-
دنیا ایک دن پہلے
آسٹریلیا:16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا بل منظور
-
تجارت ایک دن پہلے
سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600روپے اضافہ
-
پاکستان 3 گھنٹے پہلے
بشریٰ بی بی سے اختلاف کی خبریں مخص پروپیگنڈا ہے، علی امین گنڈا پور
-
دنیا 2 دن پہلے
چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز