دنیا
اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کے قیام کی قرارداد منظور
جنرل اسمبلی نے مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی پر اسرائیلی قبضے کو ناجائز قرار دیا
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے نکلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے قرارداد منظور کرلی۔
جنرل اسمبلی نے 8 کے مقابلے میں 157 ووٹوں سے قرارداد منظورکرلی، امریکا اور اسرائیل نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ 7 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حق کو بھی تسلیم کیا جبکہ مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی پر اسرائیلی قبضے کو ناجائز قرار دیا۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بین الاقوامی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 1967 کی سرحدی تقسیم کے مطابق دو ریاستی حل کا مطلب ہے کہ دونوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ امن و امان کے ساتھ رہیں۔
اجلاس کے دوران جون 2025 میں نیویارک میں فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں سفارتی کوششوں کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
پاکستان
سابق صدر عارف علوی کی 3 مقدمات میں 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور
کیس کی مزید سماعت کے لیے معاملہ آئینی بنچ کو بھیجا جا رہا ہے، سندھ ہائی کورٹ
سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کی 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے 3 مقدمات میں عارف علوی کی ضمانت منظور کی، سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔
درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ پرامن احتجاج کے باوجود مختلف دہشت گردی ایکٹ سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اب تک کی معلومات کے مطابق عارف علوی کے خلاف میانوالی، ٹیکسلا اور راولپنڈی میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ عارف علوی کے خلاف مقدمات کے اندراج کا مقصد سیاسی دباؤ میں لانا ہے، متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کے لیے 20 دن کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرسکیں۔
درخواستگزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کو درخواست گزار کی گرفتاری سے روکا جائے، عارف علوی کا نام نامعلوم ایف آئی آرز میں شامل کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے کہا ہے کہ کیس کی مزید سماعت کے لیے معاملہ آئینی بنچ کو بھیجا جا رہا ہے، مقدمات کی تفصیلات سمیت دیگر معاملات آئینی بنچ دیکھے گا۔
پاکستان
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 2 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 2 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے دورہء سعودی عرب کے دوران ریاض میں منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کی، دنیا کو مستقبل میں پانی کی قلت سے بچانے کیلئے چھ نکاتی ایجنڈا تجویز کیا اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کی وجہ سے مشکلات و چیلینجز پر بھی روشنی ڈالی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
اس دوران وزیرِ اعظم کی ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودیہ تعلقات کے مزید فروغ اور ان میں بڑی تبدیلی لانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کی فرانس کے صدر ایمانویل میکرون سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
پاکستان
امن و امان بحال کرنا تھا مگرحکومت نے تو پورا اسلام آباد بند کردیا، اسلام آباد ہائی کورٹ
پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط کیا، چیف جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان بحال کرنا تھا مگر آپ نے پورا اسلام آباد بند کردیا، پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں 24 نومبر کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے خلاف صدر جناح سپر مارکیٹ کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔عدالت نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے خلاف صدر جناح سپر مارکیٹ کی درخواست پر وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
دوران سماعت ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ، ریاستی وکیل ملک عبدالرحمٰن و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ ریاستی وکیل ملک عبدالرحمٰن نے کہا کہ کچھ رپورٹس آگئی ہیں اور کچھ رپورٹس ابھی آنا باقی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ پہلی بار عدالت کے سامنے پیش ہوئے یہ ماہرانہ رائے وہاں دینی تھیں، آپ نے اسلام آباد کو ایسے بند کیا تھا کہ ججز سمیت میں بھی نہیں آسکا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کیا کہ درخواست گزار نے کہا ہماری تجارت کو چلنے دیں، آپ نے میڈیا پر ہر جگہ کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہم اجازت نہیں دے رہے۔عدالت نے آپ سے کہا تھا کہ شہریوں، کاروباری لوگوں سمیت احتجاجی مظاہرین کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں، امن و امان بحال کرنا تھا مگر آپ نے پورا اسلام آباد بند کردیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت سے لڑائی میں عام شہریوں کا کیا قصور تھا، درخواست گزار کا کیا قصور تھا، ان کے کاروبار کو کیوں بند کیا گیا؟ پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط کیا، پی ٹی آئی سے پوچھوں گا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی؟
بعد ازاں، عدالت نے وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
-
کھیل 2 دن پہلے
پاکستان کو 20 سال بعد ورلڈ اسکواش ایونٹ کی میزبانی مل گئی
-
دنیا ایک دن پہلے
فرانس، اپوزیشن کا تحریک عدم اعتماد کا اعلان، حکومت گرنے کا خدشہ
-
دنیا 2 دن پہلے
سعودی عرب : رشوت اور منصب کاناجائز استعمال ، 164 سرکاری ملازمین گرفتار
-
تجارت 2 دن پہلے
پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں کمی آ گئی
-
پاکستان ایک دن پہلے
کوئٹہ میں زلزلہ ، لوگوں میں خوف و ہراس
-
پاکستان 2 دن پہلے
عطا تارڑ کا اسلام آباد احتجاج میں مراد سعید کی موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، بیرسٹر سیف
-
تجارت ایک دن پہلے
مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
-
کھیل ایک دن پہلے
چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کے لیے چیلنج بن گیا