پاکستان

ڈی چوک احتجاج : شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والا ایک اوررینجرز اہلکار شہید

لانس نائیک محمد تنویر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں

GNN Web Desk
Published 3 hours ago on Dec 19th 2024, 6:03 pm
ڈی چوک احتجاج : شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والا ایک اوررینجرز اہلکار شہید

26نومبر کوڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کی آڑ میں شر پسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والا پاکستان رینجرز  پنجاب  کا ایک اور اہلکار شہید ہو گیا۔

ڈی چوک احتجاج کی آڑ میں پرتشدد کاروائیوں  کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا پاکستان رینجرز پنجاب کا  37 سالہ اہلکار لانس نائیک محمد تنویرکومہ کی حالت میں تھے، شہید رینجر ز اہلکار کا تعلق پنجاب کے ضلع نارووال سے تھا۔

لانس نائیک محمد تنویر شہید نے 17سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، لانس نائیک محمد تنویر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

 ڈی چوک احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پہ حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پی ٹی آئی کے شرپسند وں کے حملوں سے رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد اب 4 ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔  اس کے علاوہ  پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید جبکہ تقریباً  119 اہلکار زخمی ہوئے۔ اسی طرح اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی پرتشدد واقعات اور توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز منظرعام پر آ چکی ہیں جن میں کارکنان کو مختلف مقامات پر آگ لگاتے دیکھا گیا ہے جبکہ حکام کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔۔