Advertisement
تجارت

بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ، نیپرا نے وضاحت دے دی

پاور ڈویژن حکام اور چیئرمین نیپرا کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے ریلیف پیکج مختلف ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی میں دی گئی رعایت پر مشتمل ہے۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 8 ماہ قبل پر اپریل 4 2025، 3:18 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ، نیپرا نے وضاحت دے دی

نیپرا سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام اور چیئرمین نیپرا نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی تفصیلات واضح کردیں۔

پاور ڈویژن حکام اور چیئرمین نیپرا کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے ریلیف پیکج مختلف ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی میں دی گئی رعایت پر مشتمل ہے۔

نیپرا حکام کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کردہ بجلی ریلیف پیکج میں مختلف مدات کے تحت رعایت دی گئی ہے۔

نیپرا حکام نے بتایا کہ اس پیکج میں 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی پیٹرولیم لیوی کی مد میں شامل ہے جب کہ 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ کمی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی گئی ہے۔

اسی طرح 1 روپے 36 پیسے فی یونٹ کمی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شامل کی گئی ہے جب کہ 1 روپے فی یونٹ سے زائد کمی کا تخمینہ تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے لگایا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اس کمی سے گھریلو صارفین اور صنعتی شعبے کو فائدہ ہوگا تاہم اس ریلیف کا اصل اثر آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں واضح ہوگا۔

نیپرا حکام نے وضاحت کی کہ بجلی نرخوں میں مجموعی طور پر 6 روپے فی یونٹ تک کمی ہوگی جب کہ ٹیکس شامل کرنے کے بعد یہ ریلیف 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ تک پہنچ سکتا ہے۔

 

Advertisement