Advertisement

پاکستان کے 2 کوہ پیماؤں نےماؤنٹ ایورسٹ اور کنچن جنگا کو کامیابی سے سر کرلیا

امریکا میں مقیم پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر شہلا شیخ نے اتوار کو کنچن جنگا کو کامیابی سے سر کرلیا

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر May 21st 2025, 3:21 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاکستان کے 2 کوہ پیماؤں نےماؤنٹ ایورسٹ اور کنچن جنگا کو کامیابی سے سر کرلیا

پاکستان کے 2 کوہ پیماؤں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ اور نیپال میں واقع 8 ہزار 586 میٹر بلند دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جنگا کو کامیابی سے سر کرلیا۔

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے واجد اللہ نگری پیر کو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے، وہ معروف کوہ پیما انگ تاشی شیرپا کے ساتھ زمین کے بلند ترین مقام پر پہنچے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لیے ایک تحریک کا درجہ رکھتا ہے۔

واجد اللہ نگری کا تعلق ضلع نگر سے ہے اور وہ پائنیر ایڈونچر مہم کا حصہ تھے۔ اس سے قبل وہ کے ٹو، براڈ پیٹ، نانگا پربت، گاشر برم-I اور گاشر برم-II کو بھی کامیابی سے سر کر چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکا میں مقیم پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر شہلا شیخ نے اتوار کو کنچن جنگا کو کامیابی سے سر کرلیا۔ یہ چوٹی اپنی تکنیکی پیچیدگی اور انتہائی خراب موسم کی وجہ سے دنیا کی 8 ہزار میٹر بلند چوٹیوں میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

ڈاکٹر شہلا شیخ نے تصدیق کی کہ وہ بحفاظت نیچے اتر آئی ہیں، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ وہ کنچن جنگا پر چڑھنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایڈونچر ٹورزم کے لیے باقاعدگی سے پاکستان آتی رہتی ہیں۔

Advertisement