اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے بجلی کی قیمتوں میں 3روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق عوام پرایک بار پھر بجلی بم گرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ، نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی ، نیپرا حکام نے کہا کہ اپریل میں گیس 7.82 ایل این جی سے 10.78 فیصد کم بجلی پیدا کی گئی ، اس کمی کو فرنس آئل چلا کر پورا کیا گیا، عالمی مارکیٹ میں کوئلے اور فرنس آئل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔
نیپرا نے فی یونٹ بجلی 4روپے پانچ پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ، درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 51ارب سے زائد روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، کے الیکٹرک کے علاوہ ملک بھر کے صارفین پر51 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نوٹی فکیشن جاری ہونے پر ہو گا۔
اس سے قبل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی ۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض بحالی پروگرام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شرط عائد کی ہے۔
دوسری جانب ملک میں بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ پاور ڈویژن حکام کے مطابق ملک میں منگل کو بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہے ۔ ملک میں بجلی کی پیداوار 21 ہزار 200 میگاواٹ ہے ۔
طلب اور رسد میں فرق بڑھنے کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانہ بھی بڑھا دیا گیا۔ شہری علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔