پاکستان

عمران خان نااہلی، درخواست کے قابل سماعت ہونے پرمطمئن کریں:ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی کو چھپانے پر نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنا ہو گا، عمران خان اب پبلک آفس ہولڈر نہیں اس نکتے کو بھی دیکھ لیں۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر ستمبر 26 2022، 11:48 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
عمران خان نااہلی، درخواست کے قابل سماعت ہونے پرمطمئن کریں:ہائیکورٹ

 

جسٹس عامر فاروق نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وفاق کو فریق بنانے کیلئے متفرق درخواست دائر کی ہے۔

عدالت نے استفسارکیا کہ وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ وکیل بولے عمران خان کا ابھی استعفیٰ منظور نہیں ہوا۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اس کیس کو الیکشن کمیشن کے پاس کیوں نہ بھیجیں؟ عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔ فیصل واوڈا کیس بھی اسی نیچر کا تھا الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔

ان تمام نکات پر عدالت کو مطمئن کریں ایک تاریخ رکھ لیتے ہیں، عدالت نے عمران خان نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد کے شہری محمد ساجد نے عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے، درخواست میں شہری نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں معلومات چھپائی ہیں، عمران خان جانتے ہیں ٹائیریان سے متعلق ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔