پاکستان

محکمہ موسمیات کی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد : محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ، اس سلسلہ میں الرٹ جاری کردیا گیا ۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Apr 6th 2021, 1:09 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار کی رات کو ملک میں داخل ہوگا اور بدھ تک موجود رہے گا ۔جس کے باعث  کشمیر ،گلگت بلتستان دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں، پشاور، کرم، وزیر ستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک اور چکوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔ منگل اور بدھ کے دوران جہلم، سرگودھا، بھکر، میانوالی، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، فیصل آباد اور جھنگ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔‏ اس کے علاوہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، ‏زیارت  میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ   بارش کا امکان  ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ‏خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ اتوار رات  سے شروع ہو کر بدھ کے روز تک جاری رہے گا،تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔  محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں کو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیاحوں کو بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی  ہے ۔