پاکستان کرکٹ بورڈ نےقومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کے مطابق تین سال کے کنٹریکٹ کے لیے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے، سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ہے، اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اے کیٹیگری میں 3 کھلاڑی شامل ہیں جن کے معاوضے میں 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بی یٹیگری میں 6 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضوں میں 144 فیصد اضافہ کیا گیا ہےجبکہ کیٹیگری سی میں 2 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ کیٹیگری ڈی میں 14 کرکٹرز شامل ہیں جن کے معاوضے میں 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ ہونے والے کرکٹرز میں اظہر علی، فواد عالم، نعمان علی، عابد علی ، یاسر شاہ، آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ،عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں اس کے علاوہ گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹگری میں شامل سلمان علی آغا اور محمد حارث کی ترقی ملی ہے جبکہ ایمرجنگ کیٹگری کو ختم کر دیا گیا ہے۔
کیٹیگری اے میں میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ کیٹیگری بی میں فخر زمان ، حارث رؤف ، امام الحق ، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے ۔
اسی طرح کیٹیگری سی عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں اور کیٹیگری ڈی میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ ،محمد حارث ، وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، سلمان آغا، سعود شکیل، شاہنواز داھانی، شان مسعود ، اسامہ میر اور زمان خان کو رکھا گیا ہے