پاکستان

اوپن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل طلبہ کے لئے داخلوں کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر

گزشتہ سمسٹر میں 36 ممالک سے 500 سے زائد طلبہ داخل ہوچکے ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Sep 25th 2023, 3:31 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
اوپن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل طلبہ کے لئے داخلوں کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر

اسلام آباد:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اوورسیز پاکستانیوں اور انٹرنیشنل طلبہ کے لئے دوسرے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگراموں بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)، بی بی اے، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، بی ایڈ، بی ایس(او ڈی ایل پروگرامز) اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کے داخلوں کی آخری تاریخ 30ستمبر مقرر کی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وطن عزیز کے واحد جامعہ ہے جو پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں سمیت انٹرنیشنل طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔

گزشتہ سمسٹر میں 36 ممالک سے 500 سے زائد طلبہ داخل ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی جہاں کہیں بھی ملازمت یا کاروبار کرتے ہیں وہ بغیر کہیں جائے اپنے گھر بیٹھے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے اپنی تعلیمی استعداد میں آن لائن اضافہ کرسکتے ہیں۔۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے آئندہ پانچ سالوں میں انٹرنیشنل طلبہ کی تعداد کا ہدف 10ہزار مقرر کیا ہے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی انٹرنیشنل طلبہ کے لئے تعلیمی پروگرامز آن لائن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پیش کر رہی ہے۔

داخلے سے لیکر امتحانات تک تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔آن لائن امتحانات کی مانیٹرنگ کے لئے ایم ایس ٹیمز یا اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ مانیٹرنگ ایپلی کیشن استعمال کی جاتی ہے،امتحانات کے دوران طلبہ کو کیمرہ کے سامنے بیٹھنا ہوتا ہے جس میں طلبہ کا چہرہ، ہاتھ اور پیپر امتحانی عملہ کو نظر آنا چاہئے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انٹرنیشنل طلبہ مزید تفصیلا ت کے لئے انٹر نیشنل کولیبر یشن اینڈ ایکسچینج آفس سے ای میل overseas@aiou.edu.pk یا فون نمبر0519572495اور0519250175پر رابطہ کرسکتے ہیں۔