Advertisement
پاکستان

محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس

شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے، چیف الیکشن کمیشن

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Oct 30th 2023, 7:32 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت وزیر  اعلیٰ آفس میں اجلاس

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا وزیر اعلی آفس پنجاب کا دورہ، نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبائی ممبرز اور پنجاب کابینہ کے وزرا نے شرکت کی۔

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر قیادت پنجاب کابینہ کے وزراء  نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات میں عام انتخابات کے آزادنہ و منصفانہ انعقاد پر تبادلہ خیال کیا ۔اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عام انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے،سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے،عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے مکمل سپورٹ کریں گے،30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی۔ عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

 
Advertisement
Advertisement