Advertisement
پاکستان

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی دسمبر میں عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی

ملاقات میں سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہ بھی فوزیہ صدیقی کے ساتھ ہوں گے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Nov 24th 2023, 7:40 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی دسمبر میں عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی

فوزیہ صدیقی کی امریکا میں قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے ہوگئی جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے کی گئی ہے، ملاقات میں سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہ بھی فوزیہ صدیقی کے ساتھ ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات طے پا گئی ہے، فوزیہ صدیقی 2 اور 3 دسمبر کو عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی، سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر طلحہٰ بھی ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے کہا کہ فوزیہ صدیقی کے امریکی وزٹ پر سکیورٹی خدشات تھے جس پر عدالت نے آرڈر کر دیا، عدالت نے وزارت خارجہ کو ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا میں قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کر چکی ہیں۔

Advertisement