پاکستان

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن الیکشن کمیشن میں چیلنج

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے

GNN Web Desk
شائع شدہ ایک سال قبل پر دسمبر 5 2023، 12:13 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن الیکشن کمیشن میں چیلنج

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کے مطابق درخواست گزار اسلام آباد کے سابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل تھے اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کے لیے الیکشن لڑنا چاہتے تھے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا الیکشن کا کوئی شیڈول نہیں، نہ ووٹر لسٹیں جاری ہوئیں اور نہ ہی مرکزی سیکرٹریٹ میں کوئی سرگرمی ہوئی۔

مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں جنرل سیکرٹری کے لیے الیکشن لڑنا چاہتے تھے تاہم شیڈول کے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں علم نہیں ہو سکا۔

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن قانون اور پارٹی آئین کے مطابق نہیں کرائے اس لیے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔