Advertisement
پاکستان

عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں جمع

آزاد پارلیمانی گروپ کےسینیٹر ہدایت اللہ نے قرار دار میں کہا ہے کہ الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کیے جائیں،

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 years ago پر Jan 12th 2024, 8:25 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں جمع

سینیٹ میں عام انتخابات 2024 ملتوی کرنے کے لیے قرار داد جمع کروا دی گئی۔آزاد پارلیمانی گروپ کےسینیٹر ہدایت اللہ کی جانب سے جمع کروائی جانے والی اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کیے جائیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری کی تعمیل کے مراحل کے حوالے سے انتخابی امیدواروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات میں مسلسل اضافے پر یہ ایوان گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات جن میں بشمول شمالی وزیرستان، باجوڑ، صوابی اور تربت میں مسلح حملے ہوئے جس کے نتیجے میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے انتخاب لڑنے والے ایک بزرگ قوم پرست سیاست دان شدید زخمی بھی ہوئے اور ایک امیدوار جاں بحق ہوئے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ انتخابات کےپرامن انعقاد پرغورکریں، ایوان بالا تسلیم کرتا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد ایک آئینی ذمہ داری ہے، آئین یکساں طور پر انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ ہونے اور تمام شراکت داروں کی حفاظت اور بلا رکاوٹ شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیتا ہے۔ آئین جہاں آزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانے پر زور دیتا ہے وہاں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے بنیادی حق کو یقینی بناتا ہے۔

سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل (9) اس امر کی اہمیت کو اجا گر کرتا ہے کہ یہ بنیادی حق ہے جو ہر حال میں ریاست کو فراہم کرنا ہے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے، ایوان بالا الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان پر زور دیتا ہے کہ وہ انتخابات کو تین ماہ کے لیے ملتوی کردیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ التوا کی مدت کے دوران، ایوان بالا حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فعال طور پر ایسے حالات پیدا کرے جو تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے برابری کے میدان کو یقینی بنائے، اسی سلسلے میں سلامتی کے خدشات کو دور کرنا شمولیت کی فضا کو فروغ دینا اور دھمکیوں سے آزادی کی ضمانت دینا وغیرہ شامل ہیں۔

ایک ہفتہ قبل بھی سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرنے اور انتخابی شیڈول معطل کرنے کی قرارداد 2 بار کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی۔ یہ قرار داد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی تھی جبکہ ن لیگ کے افنان اللہ خان نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی۔

 

 

Advertisement