Advertisement
علاقائی

پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب ، نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اُٹھائیں گے

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر فروری 22 2024، 7:26 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب ، نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اُٹھائیں گے

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا گیا، نو منتخب ارکان اسمبلی اجلاس میں حلف اٹھائیں گے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ارکان سے حلف لیں گے۔

نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کا شیڈول دیں گے۔ کاغذات فائنل ہونے کے بعد ایک دن کے وقفے سے انتخاب ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے منتخب ہونے کے بعد نو منتخب اسپیکر وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کل کے اجلاس کے حوالے سے تیاریاں شروع کردیں۔ پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خاں کریں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن 137 اراکین کے ساتھ سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی پارٹی ہے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں، کئی آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

Advertisement
Advertisement