پاکستان

عید قربان: جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

قربانی کے دن نزدیک آتے ہی چھریاں چاقو تیز کرنے والوں کی بھی چاندی ہو گئی ہے جہاں شہریوں سے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 months ago پر Jun 15th 2024, 11:19 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
عید قربان: جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

عید قربان میں 2روز باقی رہ گئے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں منڈیاں تو سج گئیں لیکن ان منڈیوں میں خریداروں کا تناسب بہت کم نظر آتا ہے، منڈیوں میں جانور تو بہت ہیں لیکن خریدار کم ہیں۔

 عید میں بہت تھوڑے دن رہ جانے کے باوجود زیادہ رش نہیں۔ منڈی میں خریداروں کے کم ہونے کی وجہ جانورں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں ہیں جس سے خریدار پریشان ہیں جب کہ بیوپاری منڈی میں آنے والے اخراجات اور جانوروں کے مہنگے چارے کا رونا روتے نظر آرہے ہیں۔

مہنگائی کے باعث ابھی گاہک بکروں ، دنبوں اور بیلوں کے آسمان سے باتیں کرتے نرخ پوچھ کر واپس چلے جاتے ہیں اور اس طرح زیادہ تر لوگ عید سے ایک روز قبل دوبارہ منڈی مویشیاں کا رخ کریں گے۔

اجتماعی قربانی کرنے والے افراد اور اداروں کی طرف سے بکنگ کا سلسلہ جاری ہے جو اس کی روشنی میں ہی جانوروں کی خریداری کریں گے۔

دوسری جانب قربانی کے دن نزدیک آتے ہی چھریاں چاقو تیز کرنے والوں کی بھی چاندی ہو گئی ہے جہاں شہریوں سے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔