پاکستان

جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار

صارفین کوسوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 months ago پر Sep 8th 2024, 12:56 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں پاور شور،جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں دن 2 بجے سنگجانی کے مقام پر جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کے متعدد رستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلسے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں اور جبکہ مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے۔

جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہے۔ صارفین کوسوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔ انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث  شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص خیبر پختونخوا میں بھی انٹرنیٹ کے سست رفتار ہونے اطلاعات ہیں۔

ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو جلسے جلوس سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق ہو جائے گا اور جلسے کا اجازت  نامہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے اگر طے شدہ نکات کی خلاف ورزی کی تو ان پر سزا کا اطلاق ہوگا، اگر جلسے کے اوقات کی پابندی نہ کی گئی تو جلسے جلوس سے متعلق قانون کا اطلاق ہوگا، جلسہ دیے گئے وقت کے مطابق ختم کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ کیے جانے کے باوجود ہر صورت 22 اگست کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ جلسہ ملتوی کر دیا گیا۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ جلسہ اب آئندہ ماہ 8 ستمبر کو ہو گا۔مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، آٹھ ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔