پاکستان

پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ کے اطراف میں تمام ہوٹل، دکانیں اور گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم

سنگجانی پولیس کی جانب سے آج سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 months ago پر Sep 8th 2024, 1:00 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پی ٹی آئی کے  جلسہ گاہ کے اطراف  میں تمام ہوٹل، دکانیں اور گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم

اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں آج ہونے والے پی ٹی آئی جلسے کے پیشِ نظر جلسہ گاہ کے اطراف تمام ہوٹل، دکانیں اور گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم دے دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگجانی پولیس کی جانب سے آج سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔

تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔

تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آج تحریک انصاف قیادت نے اسلام آباد میں پاور شو کا اعلان کر رکھا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے 40 شرائط کے بعد پی ٹی آئی جلسے کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔