پاکستان

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی جلسے کے لیے روانہ

وزیرِاعلیٰ قافلوں کے پیچھے پیچھے جا رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ قافلوں سے آگے نکل جائیں، ترجمان گنڈا پور

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 months ago پر Sep 8th 2024, 4:54 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی  جلسے کے لیے روانہ

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی اسلام آباد میں جلسے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

علی امین گنڈاپور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعلیٰ قافلوں کے پیچھے پیچھے جا رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ قافلوں سے آگے نکل جائیں۔

ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس نے کہا کہ علی امین گنڈاپور دیر ہونے کی وجہ سے میڈیا سے گفتگو کئے بغیر اسلام آباد کے لیے نکل گئے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا سے نکلے مختلف قافلے صوابی کے مقام پر اکٹھے ہو رہے ہیں، جہاں سے تمام قافلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں سنگجانی جلسہ گاہ کے لئے روانہ ہوں گے۔

دوسری طرف پشاور میں موٹروے ایم ون پر اسلام آباد جلسے کیلئے جانے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قافلے میں شامل فلائنگ کوچ کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کوچ توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

حادثہ ایم پی اے شیر علی آفریدی کے قافلے میں پیش آیا جس میں زخمی ہونے والے کارکنان کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ایم پی اے شیر علی نے اپنی گاڑی میں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔