تجارت

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

 پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا تعین 12 سے 14 ستمبر تک عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے بعد کیا جائے گا

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 12 2024، 10:43 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

کراچی: ملک بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول اور دیگر تیل کی مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔

انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 12 روپے تک کم ہونے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 12 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے تک کم ہونے کا امکان ہے۔

تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا تعین 12 سے 14 ستمبر تک عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے 31 اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 1.86 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.32 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.15 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 2.97 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔