پاکستان

آئینی ترامیم سے متعلق جے یو آئی(ف) کا مسودہ سامنے آ گیا

مسودے میں تجویز کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 175 اے میں ترمیم کی جائے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں آئینی بینچ تشکیل دیا جائے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 ماہ قبل پر اکتوبر 12 2024، 9:25 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
آئینی ترامیم سے متعلق جے یو آئی(ف) کا مسودہ  سامنے آ گیا

آئینی ترامیم سے متعلق جے یو آئی(ف) کا مسودہ منظر عام پر آگیا ہے۔

جے یو آئی (ف) نے مسودے میں آئین میں 24 ترامیم تجویز کی ہیں، جے یو آئی نے تجویز کیا کہ آرٹیکل 38 میں ترمیم کی جائے، سرکاری ونجی سطح پر یکم جنوری2028 سے سود کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ملک میں اسلامی مانیٹری سسٹم متعارف کرایا جائے۔

  مجوزہ ترمیم کے مطابق آئینی بینچ کو آئینی تنازعات یا تشریح کا اختیار ہو گا، صوبائی آئینی بینچ کے فیصلوں کے خلاف اپیل سپریم کورٹ بینچ میں ہوگی، صدر کی جانب سے بھیجے گئے سوال کی سماعت آئینی بینچ میں ہوگی۔

مسودے میں تجویز کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 175 اے میں ترمیم کی جائے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں آئینی بینچ تشکیل دیا جائے۔

جے یو آئی نے تجویز کیا کہ 175 اے میں ترمیم، 19ویں ترمیم کا خاتمہ، 18ویں ترمیم کی مکمل بحالی ہو گی، آرٹیکل 203 میں ترمیم ہو گی، حدود کے ساتھ قصاص اور دیت میں اضافہ کیا جائے گا، ایک سال میں اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس کا جائزہ، قانون سازی کرنا ہو گی۔