دنیا

ہندوستان کے مشہور سیاستدان بابا صدیقی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

اباصدیقی کو بینڈرا میں ان کے بیٹے کے دفتر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 ماہ قبل پر اکتوبر 13 2024، 1:15 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
ہندوستان کے مشہور سیاستدان بابا صدیقی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

بھارت کے شہر ممبئی کے مشہور سیاست دان اور سابق ریاستی وزیر باباصدیقی کو بینڈرا میں ان کے بیٹے کے دفتر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے بتایا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور سابق وزیر باباصدیقی کو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا اور انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے باباصدیقی کو ان کے بیٹے ذیشان کے دفتر کے قریب  نشانہ بنایا اور ان کو 6 گولیاں لگیں، جس سے ان کے ایک ساتھی بھی زخمی ہوگئے ہیں اور یہ واقعہ دوسہرا کے علاقے میں پیش آیا۔

مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے بتایا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اور اس حوالے سے پولیس کو ہدایات دی ہیں جبکہ تاہم دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن میں سے ایک کا تعلق اترپردیش اور دوسرے کا ہریانہ سے ہے جبکہ تیسرا ملزم فرار ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو ہدایت کی ہے واقعے پر سخت کارروائی کریں اور یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ملزم قانون ہاتھ میں نہ لے اور ممبئی میں گینگ وار جیسی صورت حال دوبارہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ باباصدیقی بینڈرا ویسٹ سے 3 مرتبہ ریاست مہاراشٹرا کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور 48 برس تک کانگریس سے منسلک رہے تاہم رواں برس فروری میں پارٹی سے علیحدگی اختیار کی اور این سی پی اجیت پوار گروپ مین شامل ہوگئے تھے۔

باباصدیقی کے بیٹے کو کانگریس نے اگست میں پارٹی سے نکال دیا تھا جو اس وقت ریاستی اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔