دنیا

عرب سربراہی اجلاس:سعودی ولی عہد  کا غزہ،لبنان میں  جنگ بند ی کا مطالبہ

ولی عہد محمد بن سلمان نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے اداروں کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے اور فلسطینی اتھارٹی کے کردار کو کم کرنے کی کوششوں پر اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Nov 11th 2024, 9:29 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
عرب سربراہی اجلاس:سعودی ولی عہد  کا غزہ،لبنان میں  جنگ بند ی کا مطالبہ

ریاض میں ہونیوالے عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کے لیے اہل ہے، ہم نے دو ریاستی حل کی حمایت کے لیے عالمی سطح پر روابط شروع کیے ہیں۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے اداروں کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے اور فلسطینی اتھارٹی کے کردار کو کم کرنے کی کوششوں پر اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مسجد اقصٰی کے تقدس کی پامالی اور بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔
لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت پر ولی عہد محمد بن سلمان نےکہا ہم لبنان کی خود مختاری کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی فوجی کی جانب سے لبنان کے استحکام اور سلامتی کے ساتھ ساتھ علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ 
ان کا مزید  کہنا تھا کہ سعودی عرب فلسطین اور لبنان کے ساتھ کھڑا ہے ہم فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان  نے  ایرانی سرزمین پراسرائیلی  حملوں کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے اسرائیل کو مزید جارحیت سے روکنے کا مطالبہ دہرایا۔

عرب سر براہی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں انسانی بحران تصور سے باہر ہے،غزہ میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، اسرائیل کو خطرناک ہتھیاروں کی فراہمی مسلسل جاری ہے،بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اسرائیلی جارحیت کو کب تک نظر انداز کیا جائے گا؟

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے پر پابندی کے ہولناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کی رکنیت معطل کرے اور بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے .