پاکستان
پی ٹی آئی احتجاج : اسلام آباد میں فوج طلب، شرپسندوں کو موقع پر ہی گولی مارنے کا حکم
وزارت داخلہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد میں فوج طلب کرلی گئی ہے، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جا ری کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی بلا لیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی کو کسی بھی علاقے میں امن امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کرفیو لگانے کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں، سکیورٹی اداروں کو انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان شہید اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔
پاکستان
پی ٹی آئی کارکنان کی ٹول پلازہ میں سرکاری سامان چوری کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
ویڈیو میں کارکنان کو ٹول پلازہ پر دھاوا بولتے اور قیمتی سامان لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے
پی ٹی آئی کارکنان کی سنگجانی ٹول پلازہ میں سرکاری سامان چوری کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، ویڈیو میں کارکنان کو ٹول پلازہ پر دھاوا بولتے اور قیمتی سامان لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے سنگجانی ٹول پلازہ پر حملہ کیا ، سرکاری کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی سامان ساتھ لے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے پرتشدد کارکنان کے حملوں سے کئی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑی بھی جلا دی گئی۔
پرتشدد کارروائیوں اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوزمنظرعام پر آچکی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شرپسند عناصر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق شرپسندوں کے حملوں سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 70 شدید زخمی ہو چکے ہیں، پرتشدد مظاہرین کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان
امریکا کی پی ٹی آئی سے پرامن احتجاج اور تشدد سے گریز کی اپیل
امن و امان برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی قوانین اور آئین کا احترام یقینی بنایا جائے، میتھو ملر
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مظاہرین سے اپیل ہے کہ پرامن احتجاج کریں اور تشدد سے گریز کریں۔
واشنگٹن میں نیو بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی قوانین اور آئین کا احترام یقینی بنایا جائے۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کا احترام کریں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج کے حامی ہیں۔
پاکستان
حکومت کا پولیس اہلکارکے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کرانے کا اعلان
جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی، جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، محسن نقوی
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کانسیٹبل کے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کرانے کا اعلان کر دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔
نمازجنازہ میں وزیرداخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس اور عسکری افسران سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ وزیراعظم نے بھی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی مذمت کی۔
نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوئے، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی فیملی سے وعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی، جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، احتجاج کی کال دینے والے شہادت کے ذمہ دار ہیں، اسلام آباد پولیس کےدوجوانوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ پولیس اہلکاروں پرگولیاں چلائی گئیں، سب پرایف آئی آردرج کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا، 46 سالہ مبشر کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔
-
پاکستان 14 گھنٹے پہلے
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ
-
دنیا 20 گھنٹے پہلے
لتھوانیا میں طیارہ رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک
-
پاکستان 17 گھنٹے پہلے
سابق وزیراعظم نواز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مری پہنچ گئے
-
کھیل 22 گھنٹے پہلے
پرتھ ٹیسٹ ، بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دے دی
-
علاقائی 22 گھنٹے پہلے
پنجاب میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان
-
پاکستان ایک دن پہلے
بیلاروس کا وفد پاکستان پہنچ گیا
-
ٹیکنالوجی 19 گھنٹے پہلے
ٹیسلہ کے سی ای او آئرن مین بن گئے
-
تجارت 18 گھنٹے پہلے
عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی