پاکستان
حکومت کا پولیس اہلکارکے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کرانے کا اعلان
جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی، جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، محسن نقوی
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کانسیٹبل کے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کرانے کا اعلان کر دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔
نمازجنازہ میں وزیرداخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس اور عسکری افسران سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ وزیراعظم نے بھی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی مذمت کی۔
نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوئے، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی فیملی سے وعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی، جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، احتجاج کی کال دینے والے شہادت کے ذمہ دار ہیں، اسلام آباد پولیس کےدوجوانوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ پولیس اہلکاروں پرگولیاں چلائی گئیں، سب پرایف آئی آردرج کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا، 46 سالہ مبشر کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔
پاکستان
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیش کش کی گئی جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کے مطالبے پر قائم ہیں اور مؤقف اپنایاکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا نہ کیا تو ڈی چوک پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد نہ آنے کی درخواست کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کل اسلام آباد میں بزنس کانفرنس ہورہی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیش کش کی گئی جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی وزیراعظم کو مذاکرات سے آگاہ کریں گے، حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کے اگلے دور بھی ہونے کا امکان ہے۔
وزریر داخلہ اور بیرسٹرگوہرکے مذاکرات، حکومت کی پی ٹی آئی کو پشاورموڑ پر دھرنے کیلئے جگہ دینے کی پیشکش
پاکستان
پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس افسران کے خلاف شرانگیز مہم
ریاستی اداروں کی خاموشی اور اس خطرے کے خلاف کوئی واضح کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے بہادر پولیس آفیسرز کی تصاویر کو دہشت گردوں کے طور پر پیش کرنے کا معاملہ شدید بحث کا موضوع بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہتک عزت کی مہم تھریڈز، ایکس، انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ پر چلائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹس میں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد علی رضا رضوی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کامیانہ اور ڈی آئی جی لیاقت ملک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس عمل کے ذریعے پی ٹی آئی نے نہ صرف پولیس آفیسرز کو خطرے میں ڈالا بلکہ ان کی فیملیز کے لیے بھی تشویش کا باعث بن گیا۔ اس میں ریاستی اداروں کی خاموشی اور اس خطرے کے خلاف کوئی واضح کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کی اس کارروائی کو بعض حلقے انتہاپسند اور دہشت گردوں کے حامی کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جبکہ حکومت اور ریاستی اداروں سے یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ وہ اس خطرناک صورتحال کے خلاف کیوں نہیں اقدامات کر رہے۔
اس صورتحال میں، سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل دہشت گردی اور شرپسندی کے پھیلاؤ کے خلاف قانونی کارروائی کی ضرورت زور پکڑ رہی ہے۔ سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ ایسے عناصر، جو ریاستی اداروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، کے خلاف آخر کب اور کس طرح موثر کارروائی کی جائے گی؟
پاکستان کے اندر اس وقت ایک بہت بڑی تشویش پھیل چکی ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی اس طرح کی اشتعال انگیز سرگرمیاں ریاست کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں اور اس کا فوری تدارک ضروری ہے۔
پاکستان
عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا، عطاء تارڑ
عوام نے اجتجاج کی سیاست پر ترقی اور خوشحالی کو ترجیح دی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا،عوام نے اجتجاج کی سیاست پر ترقی اور خوشحالی کو ترجیح دی ہے اور ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔
بیلاروس کے صدر کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے،پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے الیگزینڈر لوکاشنکو کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان اور بیلا روس کے سفارتی تعلقات کو 3 دہائیاں گزر چکی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعاون جاری ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا کہ دوست ملک کے صدر کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، یہ بڑا تاریخی دورہ ہے۔ ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی بھی کم ہو رہی ہے، زر مبادلہ ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کا دورہ بڑا سود مند رہا تھا۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس دورے سے پاکستان معیشت پر بڑے مثبت نتائج مرتب ہوں گے، آج اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی تاریخی سطح کو عبور کر چکی ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہونے سے سرمایہ کاری اور ترقی میں اضافہ ہوگا، یہ سارے مثبت نتائج ہیں اور دوست ممالک کی طرف سے کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دورہ سنگ میل ثابت ہوگا، لوگوں نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے، عوام ترقی اور فلاح و بہبود کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
-
پاکستان 14 گھنٹے پہلے
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ
-
علاقائی 18 گھنٹے پہلے
اسلام آباد:نئے نویلے جوڑے کا کنٹینرز کے پاس انوکھا فوٹو شوٹ
-
تجارت 18 گھنٹے پہلے
عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی
-
کھیل 22 گھنٹے پہلے
پرتھ ٹیسٹ ، بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دے دی
-
دنیا 20 گھنٹے پہلے
لتھوانیا میں طیارہ رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک
-
پاکستان 17 گھنٹے پہلے
سابق وزیراعظم نواز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مری پہنچ گئے
-
پاکستان 2 دن پہلے
کرم : قبائلی کشید گی میں اضافہ ، حکومتی ہیلی کاپٹر پر بھی فائر نگ
-
علاقائی 15 گھنٹے پہلے
اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ