تجارت
رواں سال کی گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ جاری
پاکستان کا کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس +0.8 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تین سالوں میں سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا
گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ دسمبر 2024 جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان کا کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس +0.8 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تین سالوں میں سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا۔ رپورٹ میں مندرجہ ذیل پوائنٹس ملکی معیشت پر مثبت اثرات ظاہر کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ معیشت کو ”مضبوط“ سمجھنے والے لوگوں کی تعداد سال کے دوران 4 فیصد سے بڑھ کر 16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اہم اشیاء جیسے کہ گاڑیاں اور مکانات خریدنے میں سہولت گزشتہ سہ ماہیوں کے مقابلے میں چار گنا بڑھ گئی ہے۔مہنگائی کے خدشات تین سالوں میں اپنے سب سے کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جو معیشت کی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔ روزگار کی حفاظت کے بارے میں کانفیڈنس انڈیکس 3 فیصد بڑھا، جس سے روزگار کے حوالے سے مثبت نقطہ نظر ظاہر ہوتا ہے۔
بچت کی اعتماد میں مسلسل اضافہ ہوا اور 15 فیصد افراد اپنی مستقبل کی مالی صلاحیت پر پُرامید ہیں۔ روزمرہ خریداریوں میں راحت محسوس کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصڈ ہو گئی، جو مالی استحکام میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ کنزیومر کانفیڈنس کے چار سب انڈیکسز میں سے تین میں بہتری دیکھی گئی۔ چیلنجز کے باوجود معیشت کی لچک واضح طور پر دکھائی دیتی ہے اور صارفین کا پر امید رویہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ بحالی کا رجحان علاقائی معیارات کے مطابق ہے، جو معیشت کی استحکام کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا CCI پچھلے سالوں سے بہتر رہا ہے، جو بہتر اقتصادی انتظام اور لچک کو ظاہر کرتا ہے۔ پائیدار سامان کی خریداری کی مناسبت میں اہم اضافہ (+13 فیصد) ریکارڈ کیا گیا۔ گھر خریدنے کی شرائط میں 10.7 فیصد کی بہتری آئی، جو طویل المدتی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ گھریلو مالی حالات کے حوالے سے مستقبل کی توقعات میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا، جو پر امید نقطہ نظر کو ظاہر کرتا ہے۔
دیگر ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے ساتھ موازنہ کرنے پر، پاکستان بحالی کے راستے پر دکھائی دیتا ہے۔ ایک سال بعد آمدنی کی توقعات میں بہتری آئی ہے، جو مثبت نقطہ نظر میں اضافہ کر رہی ہے۔ مستقبل کے اقتصادی سمت کے بارے میں پر امید افراد کی تعداد 6 فیصد بڑھ گئی ہے۔ مہنگائی کے انڈیکس میں کھانے اور توانائی کی کیٹیگریز میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔ 2023 کے مقابلے میں ذاتی مالی حالات میں نمایاں بحالی دیکھی گئی۔ یہ مثبت رویہ پاکستان کی معیشت کی استحکام اور ترقی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
صارفین کے اعتماد میں مستقل بحالی معیشتی میکرو انتظام اور عوامی امیدوں کی عکاسی کرتی ہے، حالانکہ ملک میں جاری چیلنجز ہیں۔ بچت، روزگار کی حفاظت، اور خریداری کی طاقت کے بارے میں بہتر نقطہ نظر پاکستانی صارفین کے درمیان بڑھتی ہوئی لچک کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقتصادی اشارے استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف بتدریج منتقلی کو ظاہر کرتے ہیں، جو گھریلو اور کاروباری سطح پر واضح فوائد فراہم کر رہے ہیں۔
پاکستان
وزیراعظم کا معصوم پاکستانیوں کو جھانسہ دے کر باہر بھجوانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
انسانی اسمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے لہذا اس کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے معصوم پاکستانیوں کو جھانسہ دے کر غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے 2023 کے کشتی الٹنے کے حادثے کے بعد ایسے عناصر کے خلاف کارروائی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یونان کے اسی علاقے میں ایک دردناک واقع ہوا جس میں 262 پاکستانی جاں بحق ہوئے، انسانی اسمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے لہذا اس کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، سست روی سے لیے گئے اقدامات کی بدولت اس قسم کے واقعات کا دوبارہ رونما ہونا ہمارے لییے لمحہ فکریہ ہے۔
شہبازشریف معصوم پاکستانیوں کو جھانسہ دے کر غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک لے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے آئی بی ایم ایس نظام کے فوری نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اس سلسلے میں الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
دنیا
چینی خلا بازوں نے طویل ترین اسپیس واک کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
چینی خلابازوں نے 9 گھنٹے 6 منٹ تک خلا میں چہل قدمی کی، چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی
چین کے 2 خلا بازوں نے طویل ترین دورانیے تک اسپیس واک کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، یہ ریکارڈ 2 دہائیوں سے زائد عرصے قبل امریکی خلا بازوں نے قائم کیا تھا جسے اب چینی خلا بازوں نے توڑ دیا ہے۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق تیانگ اونگ اسپیس اسٹیشن میں مقیم Cai Xuzhe اور Song Lingdong نے 9 گھنٹے 6 منٹ تک خلا میں چہل قدمی کی۔اس سے قبل یہ ریکارڈ 11 مارچ 2001 کو امریکی خلا باز جیمز ووس اور سوزن ہیلمس نے قائم کیا تھا جو ڈسکوری اسپیس شٹل سے 8 گھنٹے 56 منٹ تک باہر رہے تھے۔
چینی میڈیا کے مطابق مئی میں کی جانے والی چہل قدمی کے دوران خلا بازوں نے Feitian اسپیس سوٹ پہنے تھے تاکہ اسپیس اسٹیشن سے باہر کام کیا جاسکے۔Cai Xuzhe اور Song Lingdong اسپیس اسٹیشن کے Wentian لیب موڈیول سے 2 میٹر طویل سیفٹی کیبل کی مدد سے باہر نکلے۔
یہ دونوں خلا باز 31 اکتوبر کو شینزو 19 مشن کے ذریعے تیانگ اونگ اسپیس اسٹیشن میں پہنچے تھے۔ان کی چہل قدمی کے دوران ان کی تیسری ساتھی وانگ ہوزی اسپیس اسٹیشن کے اندر موجود تھیں۔سی ایم ایس اے نے دونوں خلا بازوں کی طویل چہل قدمی کو مکمل کامیابی قرار دیا ہے۔
یہ مشن سابق فائٹر پائلٹ Song Lingdong کے لیے بہت اہم تھا جو 1990 کی دہائی میں پیدا ہونے والے پہلے ایسے چینی خلا باز ہیں جن کو خلا میں چہل قدمی کا موقع ملا۔ مشن کمانڈر Cai Xuzhe کی یہ تیانگ اونگ اسپیس اسٹیشن سے باہر خلا میں دوسری چہل قدمی تھی۔اس سے قبل وہ نومبر 2022 میں شینزو 14 مشن کی ٹیم میں شامل تھے اور انہوں نے اس موقع پر خلا میں ساڑھے 5 گھنٹے طویل چہل قدمی کی تھی۔
شینزو 19 مشن کے دوران خلا بازوں کی جانب سے مزید اسپیس واک بھی کی جائے گی جبکہ وہ اسپیس اسٹیشن میں متعدد سائنسی تجربات بھی کریں گے۔ اس مشن میں شامل افراد کی زمین پر واپسی اپریل 2025 کے آخر یا مئی کے شروع میں ہوگی۔
ٹیکنالوجی
انسٹا گرام نے ڈائریکٹ میسجز کے لیے شیڈول فیچر متعارف کرا دیا
ابھی تک یہ فیچر صرف انسٹاگرام کے پروفیشنل اکاؤنٹس کے حامل افراد تک محدود ہے
انسٹا گرام نے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کے لیے شیڈول فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ تمام صارفین کے لیے شیڈول ڈی ایمز کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے، کسی دوست کو میسج بھیجتے ہوئے سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں جس کے بعد شیڈول کا آپشن سامنے آجائے گا۔اس آپشن میں آپ تاریخ اور وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق میسجز کو 29 دن تک کے لیے شیڈول کیا جاسکتا ہے اور جب تک وہ میسج سینڈ نہیں ہوتا، اس وقت تک چیٹ ونڈو پر شیڈول میسجز کا بینر نظر آئے گا۔یہ فیچر ان صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوگا جو اپنے زیادہ تر دوستوں کی سالگرہ کے میسجز شیڈول کرنا چاہتے ہیں یا انہیں کسی مخصوص دن پر کیے جانے والے کام کے بارے میں یاد دلانا چاہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹا گرام کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز کے لیے تو شیڈول فیچر متعارف کرا دیا گیا مگر اب تک فوٹو شیئرنگ ایپ کے تمام صارفین اپنی پوسٹس اور ریلز کو شیڈول کرنے کے قابل نہیں ہوسکے ہیں۔ابھی تک یہ فیچر صرف انسٹاگرام کے پروفیشنل اکاؤنٹس کے حامل افراد تک محدود ہے۔انسٹا گرام کی جانب سے اسٹوریز کے لیے ایک کولاج ٹول بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو سال بھر کے لمحات کو شیئر کرنے کے لیے ہے۔
نئے سال کے حوالے سے متعدد ایڈ یورز ٹیمپلیٹس بھی اس فیچر میں صارفین کو دستیاب ہوں گے جن کو استعمال کرکے آپ اپنے دوستوں کو بتا سکتے ہیں کہ 2024 کا آغاز کیسے ہوا اور اختتام کیسے ہوا۔اس کے علاوہ نیو ائیر فونٹ اور کاؤنٹ ڈاؤن ٹیکسٹ ایفیکٹ بھی اسٹوریز، ریلز اور فیڈ پوسٹس کے لیے دستیاب ہوں گے۔
-
تجارت 2 دن پہلے
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
-
تجارت ایک دن پہلے
عالمی ومقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی
-
علاقائی 2 دن پہلے
ژوب میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا
-
علاقائی ایک دن پہلے
بلوچستان: منفی درجہ حرارت ہونے کے باعث گیس پائپ لائن جم گئی،سپلائی متاثر
-
علاقائی ایک دن پہلے
اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور
-
ٹیکنالوجی ایک دن پہلے
ہم نے کوئی وی پی این بلاک کیا اور نہ ہی کریں گے، چیئرمین پی ٹی اے
-
علاقائی ایک دن پہلے
خیبر پختونخواحکومت نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا
-
علاقائی 21 گھنٹے پہلے
سندھ:صوبائی محکمہ تعلیم نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا