- Home
- News
کرم کشیدگی:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا
اجلاس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام شریک ہونگے
ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کےلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 20 دسمبر کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوگا جس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام شریک ہونگے۔
اجلاس میں کرم میں امن و امان کی تازہ صورتحال،صوبائی حکومت کے اقدامات اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کے دوران کرم میں اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، کرم میں امن کے قیام کے لئے حکومتی گرینڈ جرگے کی طرف سے اب تک کی پیشرفت سے شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا۔