- Home
- News
پاکستان میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوگیا
معاہدے کے تحت بھارت میں ہونے والے تمام ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان وہاں نہیں جائے گا اور تمام میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے
پاکستان میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی 2025 اور 2027 تک ہونے والے تمام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوگیا، معاہدے کے تحت بھارت میں ہونے والے تمام ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان وہاں نہیں جائے گا، وہ تمام میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔
آئی سی سی کو آخر کار چیمپئز ٹرافی 2025 کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل ہوگئی اور یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جس پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔اس ماڈل کے تحت 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2027 تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلیں جائیں گے اور اس دوران پاکستان بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔ معاہدے کی تفصیلات کے ساتھ ایک قرارداد بھی دیکھی گئی ہے جس میں آئی سی سی بورڈ کی رائے شماری متوقع ہے۔
قرارداد کے مطابق 2024-2027 کے دوران پاکستان میں میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں بھارت کے تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے اور اس کے بدلے میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان سے متعلق تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔
اس معاہدے کا اطلاق پاکستان میں 2025 میں ہونے والی مینز چیمپئنز ٹرافی، 2025 میں بھارت میں ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈکپ اور 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے مینز ٹی20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔