Advertisement
پاکستان

گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں امن کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا، بیرسٹر سیف

کرم میں امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا، مشیر اطلاعات کے پی

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 دن قبل پر جنوری 5 2025، 11:17 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں امن کو  ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔
 
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں،  علاقے میں پائیدار امن کے لئے انتظامیہ اور  حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
 
بیرسٹر ڈاکٹر سیف  نے کہا کہ وزیراعلی نے سختی سے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا (کے پی) کے اعلیٰ حکام نے بگن واقعے پر کرم امن معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار علاقے کو لوگوں کو قرار دیتے ہوئےذمہ داروں کے سروں کی قیمت مقرر کرکے کوئی رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی  زیر صدارت  رات گئے صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقے کے لوگ معاہدے کی خلاف  ورزی کے ذمہ دار ہیں اورفائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جائے اور تمام ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اُنہیں فوری گرفتار کیا جائے۔

صوبائی حکام نے  فیصلہ کیا تھا کہ دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کرکے اُن کا قلع قمع کیا جائے، کسی دہشت گرد سے کوئی رعایت نہیں  برتی جائے گی اور نہ اُن  کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔

Advertisement