Advertisement
پاکستان

صومالین سفیر کی صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات

سفیر نے صومالیہ کے لیے اسلامی یونیورسٹی کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے صومالی وزراء اور اہم عہدوں پر فائز افراد یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 10 hours ago پر Jan 9th 2025, 8:55 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
صومالین  سفیر کی صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات

صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمد حسن نے جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید سے یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جامعہ میں زیر تعلیم صومالی طلباء کے امور سمیت فروغ تعلیم میں جامعہ کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا گیا۔

سفیر نے صومالیہ کے لیے اسلامی یونیورسٹی کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے صومالی وزراء اور اہم عہدوں پر فائز افراد یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی اور صومالی تعلیمی اداروں کے درمیان مزید تعاون کے امکانات پر زور دیا۔ انہوں نے غیر ملکی طلباء کو سہولت فراہم کرنے کے بامعنی اقدامات پر یونیورسٹی کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔یونیورسٹی کے صدر نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں 40 سے زائد ممالک کے طلباء زیر تعلیم ہیں اور جامعہ غیر ملکی طلباء کے لیے سہولیات کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی طلباء کے لیے ایک علیحدہ ہاسٹل کی سہولت جیسے منصوبے جامعہ کی اولین ترجیح میں شامل ہیں ۔

صدر جامعہ نے یونیورسٹی کے وژن پر بھی روشنی ڈالی اور صومالی طلباء کی تحقیق میں نگرانی کے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ صومالی طلباء محنتی اور با صلاحیت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صومالیہ اسلامی ترقیاتی بینک کا رکن ملک ہونے کے ناطے یونیورسٹی کے تعاون کے نقطہ نظر میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

سفیر نے ان کے ہمراہ ملاقات میں شریک سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری محمد عبدالرحمن حرسی کا بھی ذکر کیا کہ وہ بھی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ملاقات میں اطراف نے مضبوط علمی اور ثقافتی تعلقات استوار کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

Advertisement
Advertisement