"بھارت نے پانی روکا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دوٹوک مؤقف"
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے ترقی کی راہ اپنائی، اور تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا اصلاحاتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا


کوالالمپور: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کا اختیار نہیں رکھتا، اور اگر اس نے ایسا کیا تو یہ عمل "جنگ کے مترادف" تصور کیا جائے گا۔ وہ کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی درحقیقت وطن کے غیر رسمی سفیر ہیں، اور ان سے ملاقات ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے ترقی کی راہ اپنائی، اور تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا اصلاحاتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 تک پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا اور جی 20 میں شمولیت کا ہدف قریب تھا، مگر بعد میں آنے والے چند برسوں میں حالات نے رخ بدل دیا، اور معیشت 47ویں نمبر تک جا پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ 2020 میں ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بروقت اقدامات کے ذریعے اس خطرے کو ٹال دیا گیا۔ ان کے مطابق گزشتہ 16 ماہ میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد پر آ گیا، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، اور معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔ ان کا ہدف پاکستان کو دوبارہ جی 20 ممالک کی صف میں لانا ہے۔
بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بلاجواز پاکستان پر عائد کیا اور اٹاری بارڈر بند کیا، جو سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی اقدامات کا سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے تحت واہگہ بارڈر بند کر دیا گیا، سکھ یاتریوں کے سوا دیگر بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کیے گئے، اور بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود معطل کر دی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 2019 کے پلوامہ حملے کی طرح پہلگام واقعے میں بھی بھارت نے بے بنیاد الزامات لگائے، لیکن اس بار پاکستان نے بروقت ردعمل دے کر بھارتی بیانیے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات اور بات چیت کی پیشکش کی۔
اسحاق ڈار نے زور دے کر کہا کہ بھارت پاکستان کے پانی کا رُخ نہ موڑ سکتا ہے اور نہ ہی روک سکتا ہے، اور اگر ایسا کیا گیا تو یہ کھلی جارحیت کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بغیر کسی بین الاقوامی قانونی جواز کے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا، جو قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہا نہیں، جیسا کہ کچھ حلقے دعویٰ کرتے ہیں، بلکہ حالیہ دنوں میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا رکن 177 ووٹوں سے منتخب ہوکر پاکستان نے اپنی سفارتی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کر کے اپنی دفاعی پوزیشن کو ناقابل تسخیر بنا لیا ہے، اور اب ہمارا عزم ہے کہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن پاکستان قائم کیا جائے۔

اسرائیلی فوج کا حماس ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، حملے میں مزید 77 فلسطینی شہید
- 6 گھنٹے قبل

پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے،وزیر اعظم
- ایک گھنٹہ قبل

پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری موسلا دھا ر بارش سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ
- 6 گھنٹے قبل

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
- 6 گھنٹے قبل

سندھ میں سیلاب کی پیشگوئی کے پیشِ نظر کچے کے علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع
- ایک گھنٹہ قبل

مغربی افریقہ کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی الٹنےسے 70 کے قریب افراد ہلاک
- 3 گھنٹے قبل

دریائے ستلج میں وہاڑی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار
- 6 گھنٹے قبل

مودی سرکار کی ناقص سفارتی پالیسیوں سے بھارت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار
- 4 گھنٹے قبل

اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
- 2 گھنٹے قبل

پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ گئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے
- 5 گھنٹے قبل

صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی
- 3 گھنٹے قبل

لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
- 4 گھنٹے قبل