پاکستان

سپریم کورٹ سینیٹ صدارتی ریفرنس پر محفوظ رائے یکم مارچ کو سنائے گی

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر محفوظ رائے یکم مارچ کو سنائے گی۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Feb 28th 2021, 4:06 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس  پر محفوظ رائے  یکم مارچ کو سنائے گی۔صدراتی ریفرنس پر محفوظ کی گئی رائے اوپن کورٹ میں سُنائی جائے گی۔

خیال رہے  کہ 25 فروری  کو سپریم کورٹ میں سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس پر سماعت مکمل ہو گئی تھی ، عدالت عظمیٰ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ریفرنس پر اپنی رائے محفوظ کر لی تھی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے معاملہ پر سماعت کی۔

واضح رہے کہ 6 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے لیے آرڈیننس جاری کیا ہے۔ یہ آرڈیننس سپریم کورٹ میں دائر کردہ صدارتی ریفرنس پر عدالتی رائے سے مشروط کیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے مطابق اوپن ووٹنگ کی صورت میں سیاسی جماعتوں کا سربراہ یا نمائندہ ووٹ دیکھنے کی درخواست کر سکے گا۔