دنیا
بھارت میں دہشتگردی کا الزام لگا کر 100 مسلمانوں کو گرفتار کر لیا گیا
نئی دہلی: بھارت میں دہشت گردی کا الزام لگا کر 100 مسلمانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں مسلمانوں کی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور بھارتی پولیس کی جانب سے 100 افراد کو دہشت گردی کا الزام لگا کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی پولیس کی جانب سے بھارت کی 10 ریاستوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا اور پی ایف آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ پولیس کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ نوجوانوں کو دہشت گردی پر اکسا رہے ہیں۔ جس کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
دہشت گردی کا الزام عائد کر کے ان لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو تربیتی کیمپ چلانے، فنڈز مہیا کرنے اور لوگوں کو پی ایف آئی میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی پولیس کی جانب سے بنگلور اور کرناٹکا کے تقریباً 10 مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں پارٹی کے رہنما کے گھر بھی شامل ہیں۔ گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو بھی پولیس کی جانب سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے پی ایف آئی ایک اسلامی تنظیم ہے اور اس تنظیم پر حکومت کی جانب سے اس سے قبل بھی انتہاپسندی میں ملوث ہونے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
دنیا
امریکی صدر جو بائیڈن کی اپنے یوکرینی ہم منصب وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت
دونوں صدور روسی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کی مدد اور اس نازک لمحے میں امریکی حمایت جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گے، ترجمان

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کو منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں آنے کی دعوت دی تاکہ یوکرین کی فوری ضروریات پر بات چیت کی جا سکے، یہ دعوت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکی کانگریس کی جانب سے یوکرین کو فوری طور پر درکار فوجی امداد کی منظوری روک دی گئی ہے۔
امریکی صدارتی ترجمان کیرین جین پیئر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں صدور روسی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کی مدد اور اس نازک لمحے میں امریکی حمایت جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائیڈن اور زیلنسکی کے درمیان ملاقات ایک نازک لمحے پر ہورہی ہے، کیونکہ روس بھاری میزائلوں اور ڈرونز سے یوکرین کے خلاف مہم تیز کررہا ہے۔
یوکرین کے ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس اجلاس میں یوکرین اور امریکا کے درمیان مزید دفاعی تعاون، خاص طور پر ہتھیاروں اور فضائی دفاعی نظام کی تیاری کے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے باہمی تعاون کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بائیڈن کی طرف سے اپنے یوکرینی ہم منصب کو وائٹ ہاؤس کی دعوت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب بدھ کے روز امریکی سینیٹ میں ریپبلکن اپوزیشن نے وائٹ ہاؤس کی طرف سے 106 بلین ڈالر مالیت کے ہنگامی امدادی پیکج کی منظوری کے لیے پیش کی گئی درخواست کو روک دیا تھا۔
دنیا
جمہوریت کے نام نہاد چیمپئن بھارت میں انصاف کا قتل
مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، سپریم کورٹ کا متعصباہ فیصلہ

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیرکی خصوصی حیثیت بحال کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد کرتے ہوئے آرٹیکل 370 منسوخ کرنے کے ہندو انتہا پسند مودی سرکار کے پانچ اگست 2019 کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ فیصلے میں مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے انتخابات 30 ستمبر 2024 تک کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
درخواست گزاروں نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے منسوخی ایکٹ کو چیلنج کیا تھا، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے 4 سال تک اس معاملے کو دانستہ طور پر لٹکائے رکھا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، آرٹیکل 370 عارضی اقدام ہے، ہر فیصلہ قانونی دائرے میں نہیں آتا، بھارتی صدر کے پاس آرڈر دینے کے اختیارات ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ستمبر میں وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی جانب سے 2019 میں ختم کی گئی مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت مکمل کی تھی۔ بھارتی چیف جسٹس دھننجیا یشونت چندراچد، جسٹس سجنے کشان کول، جسٹس سجنیو کھنہ، جسٹس بی آر گیوائی اور جسٹس سوریا کانت پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں سپریم کورٹ نے حکومتی وکلا، بھارت کے حامی مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے آئینی ماہرین اور دیگر فریقین سے 16 سے زائد دنوں تک دلائل سنے تھے۔پانچ اگست 2019 کو بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دلانے والے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر دیا تھا، جس کے تحت بھارت کے دیگر شہروں کے لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جائیدادیں حاصل کرنے اور مستقبل رہائش کی اجازت حاصل ہو گئی ہے۔
آرٹیکل 370 کے باعث بھارت کی پارلیمنٹ کے پاس دفاع، خارجہ امور اور مواصلات کے علاوہ ریاست میں قوانین نافذ کرنے کے محدود اختیارات تھے۔بی جے پی کے اس فیصلے کو کشمیری عوام، عالمی تنظیموں اور ہندو قوم پرست حکمران جماعت کے ناقدین نے مسلم اکثریتی خطے کو ہندو آباد کاروں کے ذریعے شناخت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔
بعد ازاں بھارتی سپریم کورٹ میں 20 سے زائد درخواستیں دائر کر دی گئی تھیں، جس میں بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلے کی آئینی حیثیت پر سوال اٹھایا تھا۔درخواست گزار نے عدالت میں دائر درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ آئینی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارت نے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں پانچ لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ماضی میں جنگیں بھی ہوئی ہیں اور 1989 سے ہزاروں افراد بھارت سے آزادی کے لیے جان کی بازی لگا چکے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام اور ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے 2019 کے بعد میڈیا کی آزادی اور احتجاج پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق پر بدترین پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
دنیا
اٹھارہ کروڑ افراد کی زندگی بچانے کے لیے آئندہ سال 46.4 بلین ڈالر کی ضرورت ہے،اقوام متحدہ
تاہم مناسب فنڈنگ کے بغیر انسانی زندگی کے تحفظ کی سرگرمیاں ممکن نہیں

جنیوا: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مایوس کن حالات کے باعث تقریباً 180 ملین (18 کروڑ)افراد کی زندگی بچانے کے لیے آئندہ سال 46.4 بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے عالمی ادارے کے شعبہ برائے انسانی امداد کے سربراہ مارٹن گریفتھس کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ انسانیت پسند افراد لوگوں کی زندگیاں بچانے، بچوں کی حفاظت،بھوک اور وبائی امراض سے جنگ اور صفائی ستھرائی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں لیکن بین الاقوامی برادری کی طرف سے امداد ضروریات کے مطابق نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ 2023 کی اپیل 56.7 بلین ڈالر کی تھی لیکن اس رقم کا صرف 35 فیصد ملا جو کہ کئی سال کے عرصے میں فنڈنگ کی کم ترین سطح ہے جس سے اقوام متحدہ کے ادارے صرف 128 ملین لوگوں تک امداد اور تحفظ فراہم کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے نے اس بار (2024 کے لیے ) اپنی اپیل کو کم کرکے 46.4 ارب ڈالر کردیا ہے جس سے شدید ضرورت مند افر اد کی امداد کی جائے گی۔ 2024 کے عالمی انسانی جائزے کا آغاز کرتے ہوئے گریفتھس نے کہا کہ امدادی فنڈ کو بڑھانا مشکل ہوگا، بہت سے عطیہ دینے والے ممالک کو خود بحران کا سامنا ہے، تاہم مناسب فنڈنگ کے بغیر انسانی زندگی کے تحفظ کی سرگرمیاں ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اپیل میں 72 ممالک کے لیے امداد کا احاطہ کیا گیا ہے ان میں 26 بحران زدہ ریاستیں اور 46 ایسے ممالک شامل ہیں جو پڑوسی ملکوں کے پناہ گزینوں سے متاثر ہیں۔
پانچ سب سے بڑی واحد ملک کی اپیلیں شام (4.4 بلین ڈالر)، یوکرین (3.1 بلین ڈالر)، افغانستان (3 بلین ڈالر)، ایتھوپیا (2.9 بلین) اور یمن کے لیے (2.8 بلین ڈالر) مختص ہیں۔
-
تجارت 2 دن پہلے
سعودی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ
-
تفریح 7 گھنٹے پہلے
امیتابھ بچن اپنے نواسے کو پرموٹ کرنے میں لگ گئے
-
دنیا 22 گھنٹے پہلے
مصر میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز کر دیا گیا
-
پاکستان ایک دن پہلے
چین نے پاکستان میں پہلے 765کلو واٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
-
دنیا 6 گھنٹے پہلے
وسطی چین میں شدید برفبا ری ،معمولات زندگی درہم برہم ، سکول بند، زمینی و فضائی ٹریفک متاثر
-
پاکستان 2 دن پہلے
عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستوں پر مشاورت
-
پاکستان 2 دن پہلے
سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل کو عدالت میں چیلنج کردیا
-
دنیا 2 دن پہلے
عراق ، رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 14افراد جاں بحق