پاکستان

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طالب علموں میں رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں،شیزہ فاطمہ خواجہ

نوجوانوں کے لئے کاروباری اور زرعی قرضوں کے لئے 100 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجوانان

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 سال قبل پر مئی 31 2023، 6:53 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت  طالب علموں میں رواں سال  ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں،شیزہ فاطمہ  خواجہ

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے باصلاحیت طالب علموں میں رواں سال میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں ، اس کے لئےطالب علموں کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے.

شیزہ فاطمہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کے لئے کاروباری اور زرعی قرضوں کے لئے 100 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، مختلف تعمیری پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، رواں سال انوویشن ایوارڈ کے لئے 3 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں،بوٹ کیمپس کے لئے منتخب 500 بچوں میں سے 100 کو نیشنل انوویشن ایوارڈ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 13مارچ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کیاتھا۔ ملک کی 70 فیصد آبادی 30 سال سےکم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہےلہٰذا اس طرف خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت غیر رسمی تعلیم اور ہنر مندی پر توجہ دی گئی ہے۔ گزشتہ 10 سال کے تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئےوزیراعظم محمد شہبازشریف کی موجودہ حکومت میں اس پروگرام میں بہتری لائی گئی ہے۔ ہنر کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سیکھ سکیں ۔