پاکستان
وزیراعظم کی نجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرنے کی ہدایت
خسارے میں چلنے والے اداروں کی بھاری قیمت ملک اور عوام ادا کرنے پر مجبور ہیں، شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہبازشریف نےنجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹیں جلد ازجلد دور کرنے اور اسے برق رفتاربنانے، وقت کے واضح تعین کے ساتھ اقدامات اور اہداف کی تفصیل پیش کرنے اور کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی پرائیویٹائزیشن سے متعلق زیرالتوا حل طلب مسائل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور نجکاری کے عمل میں شامل تمام اداروں کی مکمل فہرست اورپیشرفت کی رپورٹ طلب کی ہے۔
وزیراعظم ہائوس میں نجکاری کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری کو ہدایت کی کہ کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی پرائیویٹائزیشن سے متعلق زیرالتوا حل طلب مسائل پیش کئے جائیں تاکہ کابینہ ان پر فیصلہ کرے اور یہ معاملہ حل ہو،پہلے ہی اس معاملے میں بہت تاخیر ہوچکی ہے، مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔
وزیراعظم نے بجلی کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز پر ایک جائزہ کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو وزیراعظم کواپنی تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ نجکاری کے عمل کی تمام ذمہ داری نجکاری کمیشن اور وزارت نجکاری پر عائد ہوتی ہے، اگر کہیں مسائل ہیں تو انہیں دور کرنا بھی وزارت اور نجکاری کمیشن کی ذمہ داری ہے
وزیراعظم نے کہاکہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی بھاری قیمت ملک اور عوام ادا کرنے پر مجبور ہیں، خدا کی رضا اور ملک وقوم کی فلاح کی نیت سے ان خساروں سے قوم کو نجات دلانے میں سب اپنا مخلصانہ کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلیں ہمارا نام عزت اور احترام سے لیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ معیار، شفافیت اور پاکستان کے مفاد کے پیمانے پر چلنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں کاروباری مقابلے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے مقابلے کی فضا بنانا ہو گی تب ہی یہاں بہتری آئے گی، وزارتیں اور ادارے پروفیشنل ازم اور جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے حل تجویز کریں، یہ پاکستان کی بہتری کا سوال ہے۔ اجلاس میں پی آئی اے، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، فرسٹ ویمن بینک، روز ویلٹ ہوٹل، ہیوی الیکڑیکل کمپلیکس، بجلی کے کارخانوں اور تقسیم کار کمپنیوں، پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن سمیت خساروں میں چلنے والے دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل پر تازہ ترین صورتحال، اب تک کی پیشرفت اور حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ نجکاری کے عمل میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ عدالتوں سے جاری ہونے والے حکم امتناع ہیں ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے پیش ہونے والی قانونی ٹیم کو موثر بنایاجائے اور وزارت قانون مناسب اقدامات تجویز کرے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ائیر پورٹس کی آئوٹ سورسنگ کے لئے 5 مارچ بولیوں کی وصولی کی آخری تاریخ تھی۔
پاکستان
عدالتی احکامات کے باوجود بانی چیئرمین سے ملنے نہیں دیا گیا، عمر ایوب
جیل حکام انڈرٹیکنگ چاہتےہیں کہ ملاقات میں سیاسی گفتگونہیں کریں گے، اپوزیشن لیڈر
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر شبلی فراز، اسد قیصر اور زرتاج گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جیل حکام نےتین گھنٹےانتظارکروایا، جیل حکام انڈرٹیکنگ چاہتےہیں کہ ملاقات میں سیاسی گفتگونہیں کریں گے، ادارے بھی ہمیں لکھ کر دیں کہ وہ سیاسی عمل میں مداخلت نہیں کریں گے، ہم بھی پھر لکھ کردیں گے بانی سےسیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کےباوجود بانی سےملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ہم اپنے سیاسی قیدیوں کوسلیوٹ کرتے ہیں، آج ہماری بڑی اہم میٹنگ ہونا تھی، سب لوگ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔ بانی پی ٹی آئی کےسیل کی بجلی بند کی گئی، عمران خان کو پانی نہیں دیا جاتا، بشریٰ بی بی کےکھانےمیں ہارپک ملایا گیا،بانی پی ٹی آئی کوغیرمعیاری کھانا دیا جارہا ہے۔
قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز نے کہا کہ ہم دوپہر 2 بجے سے جیل کے باہر بیٹھے ہیں، چھ لوگوں کا ملاقات کے لیے نام دیا تھا، ہمیں کہا گیا کوئی سیاسی گفتگونہیں ہو گی، میں نےکہا بانی سےکوئی موسم کا حال ڈسکس نہیں سیاسی بات ہی کریں گے، حکومت کے ایسےحربوں سے سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
شبلی فرازکا کہنا تھا کہ جیل میں سختی کا مقصد بانی پی ٹی آئی کوتوڑنا تھا، اللہ نےبانی کوایسا ایمان دیا وہ ٹوٹتا نہیں،عمران خان ملک کےعوام کی جنگ لڑرہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نوازشریف کی طرح معاہدہ کرکےلندن نہیں گیا۔
پی ٹی آئی رہنما زرتاج نے کہا کہ سات گھنٹےکا سفر کر کے اڈیالہ جیل بانی سے ملاقات کرنےآئی تھی، ہمیں جیل میں ملنے نہیں دیا گیا، حکومت کی یہ حرکت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس ظلم اورجبرکا جواب دینا پڑےگا، ہم سیاست دان ہیں بانی سے سیاسی گفتگو ہی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کےسیل کا دورہ کریں، عمران خان کی جب کال آئےگی لبیک کہیں گے، میرا لیڈر بہادر ہے نوازشریف کی طرح پلیٹ لیٹس گرا کر ملک سے بھاگا نہیں، نوازشریف، زرداری اور مریم نواز یاد رکھنا کرسی صدا نہیں رہنی، ہمارا وقت بھی آئےگا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ یہ فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ ہے، ہم منتخب نمائندے ہیں اپنے لیڈر سے سیاسی گفتگو ہی کریں گے، مریم نواز کے دور میں خواتین کی بےحرمتی ہورہی ہے، ہمیں پنجاب میں جمہوری حق سےمحروم رکھا جارہا ہے، مریم نوازیاد رکھیں ہم ایسےہتھکنڈوں سےدباؤمیں نہیں آئیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جیل حکام کوحکومت کا چمچہ نہیں بننا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کےساتھ سلوک قابل مذمت ہے، ہم حکمت عملی بنا رہے ہیں پورے ملک میں باہرنکلیں گے، ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کے لیے لڑیں گے، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی دیگرجماعتوں سےبھی ملاقات کریں گے، تحریک انصاف میں کوئی تقسیم نہیں سب ساتھ کھڑے ہیں،بانی پی ٹی آئی کا معاملہ قومی اسمبلی میں بھی اٹھائیں گے۔
علاقائی
پاکستان میں پہلی مرتبہ بوئنگ 737 طیارہ کا سڑک پر سفر
شاہین ایئرلائن کے ناکارہ بوئنگ 737 کو غروب آفتاب کے بعد کراچی سے 60 کلو میٹر دور ڈی ایچ اے کےقریب پارکنگ اسپیس میں کھڑا کردیا گیا ہے
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ طیارے کی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقلی تعطل کا شکار ہوگئی، کراچی سے حیدر آباد منتقل کیے جانے والے طیارے کو موٹروے ایم نائن پر روک دیا گیا۔
شاہین ایئرلائن کے ناکارہ بوئنگ 737 کو غروب آفتاب کے بعد کراچی سے 60 کلو میٹر دور ڈی ایچ اے کےقریب پارکنگ اسپیس میں کھڑا کردیا گیا ہے، طیارے کو آج رات حیدرآباد پہنچنا تھا۔
طیارے کی منتقلی کے عمل کا مشاہدہ کرنے والے ہمایوں خالد نے ڈان کو بتایا کہ ٹریلر پر لادنے سے قبل 110 فٹ لمبے طیارے کے پروں کو الگ کردیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کو سول ایوی ایشن انسٹی ٹیوٹ میں فائر فائٹرز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
تجارت
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے اضافہ کردیا گیا
مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور پہاڑ ٹوٹ گیا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے اضافہ کردیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 38 پیسے فی لٹر ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255 روپے 14 پیسے ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 62 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اضافہ کیا گیا، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔
-
جرم ایک گھنٹہ پہلے
مستونگ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے 4 جاں بحق، 12 زخمی
-
پاکستان 2 دن پہلے
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالت اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل منظور
-
تجارت 20 گھنٹے پہلے
ملک بھر میں 2 ماہ کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کر نے کا فیصلہ
-
پاکستان 23 گھنٹے پہلے
عدالت کا بانی چیئرمین کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم
-
تجارت ایک دن پہلے
ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 70 پیسے کمی
-
پاکستان ایک دن پہلے
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا
-
دنیا 2 دن پہلے
نعیم قاسم مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے نئے سربراہ مقرر
-
دنیا ایک دن پہلے
امریکی انتخابات میں عرب ووٹرز کا کردار