Advertisement
پاکستان

اقوام متحدہ کی رپورٹ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا نیا ثبوت ہے، وزیر اعظم

اسرائیلی جبر و ستم کی شدت کا اندازہ صرف دو روز میں ایک لاکھ چھیالیس ہزار فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے غیر منصفانہ جبری بے دخلی سے لگایا جا سکتا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Aug 25th 2024, 2:21 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
اقوام متحدہ کی  رپورٹ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا نیا ثبوت ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے جبری بے دخلی اور بچوں کی غذائی قلت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی امدادی امور کے دفتر کی حالیہ رپورٹ کے بعد عالمی برادری سے فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا نیا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی رپورٹ سے تصدیق ہوتی ہے کہ وہاں ایک دن بھی ایسا نہیں جب بے گناہ فلسطینیوں کا خون نہ بہایا گیا ہو اور بچے اسرائیل کا سب سے بڑا ہدف ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگست کے مہینے میں ڈھائی لاکھ فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے جبری بے دخلی عالمی اداروں، عالمی ضمیر اور بین الاقوامی قانون کیلئے ایک چیلنج ہے۔

اسرائیلی جبر و ستم کی شدت کا اندازہ صرف دو روز میں ایک لاکھ چھیالیس ہزار فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے غیر منصفانہ جبری بے دخلی سے لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ سے تصدیق ہوتی ہے کہ ایک جانب مہلک ہتھیاروں سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے تو دوسری جانب بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کے قاتلوں کو سزا ملنی چاہئے اور مظلوموں کا تحفظ ہونا چاہئے۔

وزیراعظم نے فلسطینیوں، خصوصاً بچوں کیلئے خوراک کی ترسیل میں تیزی لانے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

Advertisement
Advertisement