دنیا

بھارت: مبینہ چوری کے الزام پرنوجوان کو برہنہ کر کے ڈانس کروانے کی ویڈیو وائرل

پولیس نے متاثرہ لڑکے کے والد کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے

GNN Web Desk
شائع شدہ 3 ماہ قبل پر ستمبر 15 2024، 2:35 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
بھارت: مبینہ چوری کے الزام پرنوجوان کو برہنہ کر کے ڈانس کروانے کی ویڈیو وائرل

راجستھان : بھارت کی ریاست راجستھان کے شہر کوٹا میں ایک دلت برادری سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ لڑکے کو مبینہ چوری کے الزام میں برہنہ کرکے زبردستی ڈانس کروایا گیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک تقریب کے دوران پیش آیا جہاں لڑکے کو تار چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس کے بعد کچھ افراد نے مل کر لڑکے کو برہنہ کرکے اس کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلادی۔

پولیس نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی گئی اور متاثرہ لڑکے کے گھر جا کر اس کے والدین سے رابطہ کیا گیا۔ لڑکے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا ایک کامیڈی شو میں گیا تھا جہاں اس کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک کیا گیا۔

پولیس نے متاثرہ لڑکے کے والد کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔