Advertisement
پاکستان

پی ٹی آئی کا  26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ووٹ نہ دینے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے ہمارے دکھ درد کو سمجھا ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں، بیرسٹر گوہر

GNN Web Desk
شائع شدہ 7 ماہ قبل پر اکتوبر 20 2024، 10:05 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
پی ٹی آئی کا  26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ووٹ نہ دینے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے  26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ہم مولانا صاحب کے گھر آئے تھے، ہماری ملاقاتیں کافی عرصے سے جاری ہے، مولانا نے بردباری کا مظاہرہ کیا،ہمارے دکھ درد کو سمجھا اور ہم مولانا فضل الرحمان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ہم نے آج بھی حکومتی مسودہ پر غور کیا ہے، ہم ہر فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے مشورے سے کرتے ہیں، 26 ترمیم پر مولانا کے کردار کی قدر کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف 26 ویں ترمیم میں ووٹ نہیں دے گی ۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فلور  پر جائے گی اور اپنا مؤقف بتائے گی مگر ووٹ نہیں کریں گے، مولانا ہمارے ساتھ رہے ان کے معتقد ہیں، مولانا بالکل آزاد ہیں اور ان کے بل کی حمایت کرنے کو ہم سراہیں گے۔ مولانا فضل الرحمان سے مستقبل میں بھی ایسا ہی تعلق رہے گا

۔رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ساتھ رہے گا ، ہمارا ان سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ، ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں ،ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو ہراساں کیا گیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہم نےمجموعی طور پرکالے سانپ کے دانت توڑ دیے، زہر نکال دیاہے، پی ٹی آئی کو متن پر اعتراض نہیں، آئین قوم کا ہوتا ہے، ہم نے مل کر محنت کی لیکن ایک پارٹی کی اپنی کوشش ہوتی ہے۔ سمجھتا ہوں پی ٹی آئی نے جائز احتجاج کیا ہے، جو پی ٹی آئی کے ساتھ ہوا جو ان کے بانی کے ساتھ ہوا ان کا اختلاف بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ جو بل ہم نے مسترد کیا تھا اس کو تبدیل کردیا گیا ہے، ہم نے لمبا عرصہ نمائش کے لیے تو نہیں گزارا، آئین پاکستان تب بنا جب بلوچستان اسمبلی کو توڑ دیا گیا تھا، ترمیم کے لیے کسی پارٹی پر جبر نہیں کرسکتے۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ سینیارٹی کے ساتھ کارکردگی کی بھی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔

Advertisement
Advertisement