Advertisement

پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے اہلکار کو 15 سال قید کی سزا

ایئرنیشنل گارڈ کے رکن کو جاسوسی ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Nov 13th 2024, 6:02 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے اہلکار کو 15 سال قید کی سزا

پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے اہلکار کو 15 سال قید کی سزا دی گئی، ایئرنیشنل گارڈ کے رکن کو جاسوسی ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی خفیہ دستاویز لیک کرنے کا الزام ثابت ہونے پر میساچوسٹس ایئرنیشنل گارڈ کے رکن جیک ٹیکسیرا کو جاسوسی ایکٹ کے تحت 15 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ امریکا کے فوجی اہلکار نے سیکڑوں خفیہ دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، لیک دستاویزات روس یوکرین جنگ اور شمالی کوریا جوہری پروگرام سے متعلق تھیں۔

22 سالہ ٹیکسیرا کو بوسٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج نے اعتراف جرم کے بعد سزا سنائی، جسے وفاقی استغاثہ نے امریکی انسداد جاسوسی قانون کی ’سب سے بڑی خلاف ورزیوں میں سے ایک‘ قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ 22 سالہ جیک ٹیکسیرا کو پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے الزام میں اپریل 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر 6 الزامات عائد کیے گئے تھے۔

جیک ٹیکسیرا نے اپنے کیے پر عدالت میں معافی مانگتے ہوئے کہا ’میں نے جو نقصان پہنچایا ہے اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔‘

دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ خفیہ دستاویزات کو سنبھالنے سے متعلق تربیت اور انہیں افشا کرنے پر جرمانے سے متعلق انتباہ کے باوجود مجرم نے ایک سال کے دوران انٹرنیٹ پر سیکڑوں دستاویزات پوسٹ کیں۔

 

Advertisement
Advertisement