- Home
- News
پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پرامریکی دعوے کے بعد پینٹاگون کا محتاط رویہ
’ہم خطے میں ایک پارٹنر کے طور پر پاکستان کی قدر کرتے ہیں اور ماضی میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کیا ہے،جنرل پیٹ رائیڈر
امریکا نے وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے اس دعوے کے بعد کہ ملک ’امریکا میں اہداف کو نشانہ بنانے‘ کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے محتاط لہجہ اختیار کرلیا۔
اس حوالے سے ایک پریس بریفنگ میں پینٹاگون کے پریس سیکریٹری میجر جنرل پیٹ رائیڈر سے جب پاکستان کی سرکاری میزائل ڈیولپمنٹ ایجنسی اور اس کے تین نجی وینڈرز پر امریکی پابندیوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے براہ راست تنقید سے گریز کیا،انہوں نے پاکستان کی فوج کے ساتھ پینٹاگون کے دیرینہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم خطے میں ایک پارٹنر کے طور پر پاکستان کی قدر کرتے ہیں اور ماضی میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی میزائل ڈیولپمنٹ یا پابندیوں پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سوالات دیگر امریکی ایجنسیوں سے کرنے کا مشورہ دیا۔
پینٹاگون کی طرف سے دیا جانے والا یہ ردعمل امریکی قومی سلامتی کے نائب مشیر جان فائنر کے بیانات کے بالکل برعکس ہے، جنہوں نے جمعرات کو پاکستان پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا الزام لگایا تھا جو امریکا کے لیے ’ابھرتا ہوا خطرہ‘ بن سکتا ہے۔
کارنیگی انڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں خطاب کرتے ہوئے جان فائنر نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں ’حقیقی خدشات‘ کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ اپنی ٹیکنالوجی کو ترقی دے کر اسلام آباد خود کو جنوبی ایشیا سے بہت آگے اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کے اقدامات کو ابھرتے ہوئے خطرے کے علاوہ کسی اور چیز کے طور پر دیکھنا ہمارے لیے مشکل ہے۔‘
امریکی عہدیدار کی طرف سے یہ تلخ لہجہ محکمہ خارجہ کی جانب سے چار پاکستانی اداروں پر ملک کے میزائل ڈیولپمنٹ پروگرام میں کردار ادا کرنے کا الزام عائد کرنے کے بعد اپنایا گیا تھا۔
پینٹاگون اور پاکستان کے فوجی تعلقات
پینٹاگون کا محتاط رویہ پاکستانی فوج کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے کے اس کے ارادے کو نمایاں کرتا ہے، جو کہ ماضی میں امریکی زیر قیادت آپریشنز میں ایک اہم علاقائی شراکت دار رہا ہے۔
مختلف تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ موقف اسلام آباد کو خود سے الگ کرنے سے بچنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان کی سرحدیں دونوں خطوں سے ملتی ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پینٹاگون کا خاموش ردعمل دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کے دوران بھی پاکستان کے ساتھ ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو برقرار رکھنے کی اس کی تاریخ سے مطابقت رکھتا ہے،جبکہ اس کے برعکس، وائٹ ہاؤس کی مزید محاذ آرائی والی بیان بازی بائیڈن انتظامیہ کے اندر اسلام آباد کی اسٹریٹجک سمت پر بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتی ہے۔
دفاعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے امریکی رویہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید کشیدہ کر سکتا ہےچونکہ واشنگٹن، جنوبی ایشیا میں اپنے تزویراتی مفادات کو متوازن کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، امریکی حکومت کے مختلف عہدیداروں کے متضاد لہجے پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کی پیچیدگی کو واضح کرتے ہیں۔
سال کا سب سے مختصر دن اور طویل رات کوکونسی ہے؟
- 3 گھنٹے قبل
مسلسل دو روز کمی کے بعد سونے کی قیمت میں ایک دفعہ پھر اضافہ
- 4 گھنٹے قبل
آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اثرات، گوگل نے ایک دفعہ پھر ہزاروں ملازمیں کو نوکری سے نکال دیا
- ایک گھنٹہ قبل
مداراس رجسٹریشن بل: حکومت نے اتحاد تنظیم المدارس دینیہ کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے
- 3 گھنٹے قبل
9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی کو کیفر کردار تک پہنچا کر جشن منائیں گے،عطا تارڑ
- 2 گھنٹے قبل
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول کیا ہو گا؟
- 4 گھنٹے قبل