پاکستان

عوام کو پارلیمان سے بہت امیدیں ہیں،حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا،اسپیکر اسمبلی

بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کو کھلے دل سے آگے بڑھنا ہوگا،ایاز صادق

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 hours ago پر Dec 23rd 2024, 2:30 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
عوام کو پارلیمان سے بہت امیدیں ہیں،حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا،اسپیکر  اسمبلی

عوام کو پارلیمان سے بہت امیدیں ہیں،حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا،اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات  کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا۔
اسپیکر ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کو کھلے دل سے آگے بڑھنا ہوگا۔
ایاز صادق نے کہا کہ عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ اور ہم نے عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔ اور موجودہ صورتحال سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا تقاضا کرتی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر سیکرٹریٹ کمیٹی کی ہر طرح کی معاونت کرے گا، حکومت اوراپوزیشن کا کام ہے انہیں کرنے دیں، میری کوشش ہوگی کہ نیوٹرل رہ کر سہولت فراہم کروں اور باقی جو ان کی مرضی ہوگی ، پاکستان کی خاطر کی سارے ڈائیلاگ کی بات ہورہی ہے ،کوشش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں اور ملک میں سیاسی استحکام آئے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی دینا میرا کام نہیں ہے، مذاکرات کی کامیابی حکومتی اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی پر منحصر ہے، مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے اور یہ عمل جمہوریت کا حسن ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم  نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحادی ارکان پر مشتمل کمیٹی بنا دی ہے، جو کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی۔