افغانستان :طالبان حکومت کا خواتین کو ملازمت دینے والی تمام این جی اوز کو بند کرنے کا اعلان

دو سال قبل طالبان حکومت نے این جی اوز سے خواتین ملازمین کو ہٹانے کا حکم دیا تھا

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 days ago پر Dec 31st 2024, 1:31 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
افغانستان :طالبان حکومت کا خواتین کو ملازمت دینے والی تمام این جی اوز کو بند کرنے کا اعلان

کابل:افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کو ملازمت دینے والی تمام این جی اوز کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان نے مقامی یا غیر ملکی این جی او میں خواتین کو ملازمت پر رکھنے پر پابندی کے فیصلے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سےافغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت اقتصادیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے این جی اوز میں خواتین کو ملازمتوں سے روکنے کا حکم دیا تھا۔
وزارت اقتصادیات نے کہا کہ وہ ملکی اور غیر ملکی تنظیموں کے ذریعے کی جانے والی تمام سرگرمیوں کی رجسٹریشن، رابطہ کاری، قیادت اور نگرانی کی ذمہ دار ہے،بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت این جی اوز میں خواتین کو ملازمتوں سے روکنے کا حکم دیا تھا لہذا عدم تعاون پر اُس این جی او کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دی جائیں گی اور اُن کا ایکٹیویٹی لائسنس جو وزارت کی طرف سے دیا جاتا ہے، وہ بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو سال قبل طالبان نے این جی اوز کو افغان خواتین کی ملازمت سے ہٹانے کا کہا تھا اور نئی بھرتیوں پر عائد کی تھیں،اُس وقت طالبان حکام نے وجہ یہ بتائی تھی کہ این جی اوز میں ملازمت کرنے والی خواتین شرعی پردہ نہیں کرتیں اور سر نہیں ڈھانپتیں۔