نیویارک کی عدالت کا نو منتخب امریکی صدرٹرمپ کو 10 جنوری کو پیش ہوکر سزا سننے کا حکم

ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں کامیابی کیس کو ختم کرنے کا جواز پیش نہیں کرتی،عدالت

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 days ago پر Jan 4th 2025, 12:23 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
نیویارک کی عدالت کا نو منتخب امریکی صدرٹرمپ کو 10 جنوری کو پیش ہوکر سزا سننے کا حکم

نیویارک کی ایک عدالت نے نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو 10 جنوری کو پیش ہوکر سزا سننے کا حکم دے دیا۔
نیویارک کی عدالت نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اداکارہ کو دی گئی رقم مبینہ طورپر چھپانے کے کیس میں 10 جنوری کو سزا سنائےگی، ٹرمپ سزا سننے کے لیے ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک پر پیش ہوسکتے ہیں۔
عدالت کا مزید کہنا تھاکہ ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں کامیابی کیس کو ختم کرنے کا جواز پیش نہیں کرتی۔
امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب صدرکو جیل کی سزا ممکنہ طورپر نہیں سنائی جائے گی۔
عدالتی حکم نامے کے بعد نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پرردعمل دیتے ہوئے عدالت کے حکم کو مسترد کردیا، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جج کا حکم غیرقانونی سیاسی حملہ ہے۔ یہ کیس جعلی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر مجھے سزا دی گئی تو یہ آئین کے منافی ہوگا اورجہاں تک مجھے علم ہے صدارت کا خاتمہ بھی ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بالغ فلموں کی اداکارہ اسٹورمی ڈینیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالرز کی ادائیگی کو چھپانے کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے تمام الزامات کا جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔
جبکہ دوسری جانب ریپبلکن رہنما کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عدالتی فیصلے پر اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔